Home » پی سی بی کو بڑا جھٹکا،آئی سی سی نے میچ ریفری ہٹانے سے انکار کر دیا

پی سی بی کو بڑا جھٹکا،آئی سی سی نے میچ ریفری ہٹانے سے انکار کر دیا

by ahmedportugal
6 views
A+A-
Reset

دبئی(ایگزو سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بڑا دھچکا دیتے ہوئے ایشیا کپ سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کی درخواست صاف الفاظ میں مسترد کر دی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے مسلسل تحفظات اور اعتراضات کے باوجود آئی سی سی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ریفری اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے،جس کے بعد پاکستان کرکٹ میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔معاملہ اس وقت مزید سنگین رخ اختیار کر گیا جب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی  نے عندیہ دیا کہ اب حکومت سے مشاورت کے بعد ہی فیصلہ ہو گا کہ پاکستان ایونٹ میں کھیل جاری رکھے گا یا دستبردار ہو جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کو اس فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے معاملے پر حکومت سے مشاورت کا عندیہ دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مطالبہ منظور نہ ہوا تو حکومت سے مشاورت کے بعد اس بات پر غور کیا جائے گا کہ پاکستان ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کرے یا کھیل جاری رکھے۔بھارتی میڈیا نے بھی اس حوالے سے رپورٹ شائع کی تھی۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق آئی سی سی نے پی سی بی کے خط کا جواب دیتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے نہیں ہٹایا جائے گا۔بھارتی میڈیا نے مزید دعویٰ کیا کہ پائی کرافٹ پاکستان کے میچز سپروائز نہیں کریں گے اور ان کی جگہ سابق ویسٹ انڈین کرکٹر رچی رچرڈسن کو متبادل کے طور پر مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ تنازع پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے موقع پر پیدا ہوا جب اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان آغا سے کہا کہ ٹاس کے بعد ہینڈ شیک نہیں ہو گا اور اس ہدایت کو ریکارڈ نہ کرنے کے لیے پاکستانی میڈیا مینیجر کو بھی تاکید کی۔اس رویے پر میچ کے اختتام پر پاکستان ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ  نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے باضابطہ احتجاج کیا۔ذرائع کے مطابق اینڈریو رسل نے جواب دیا کہ انہیں یہ ہدایات بھارتی بورڈ سے ملی ہیں اور بعد ازاں کہا کہ یہ دراصل بھارتی حکومت کی پالیسی ہے۔پاکستانی کپتان سلمان آغا نے بھی اس رویے کے خلاف احتجاجاً اختتامی تقریب میں شرکت سے انکار کیا۔دوسری جانب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کھیل میں سیاست کو شامل کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف جیت کو پہلگام واقعے کے نام کر دیا۔انہوں نے پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں کہا کہ آج کی جیت بھارتی آرمی کے لیے تحفہ ہے۔واضح رہے کہ اتوار کو کھیلے گئے ایشیا کپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی تاہم میچ کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی نے ایونٹ کو متنازع بنا دیا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز