سبکدوش ہونے والے صدر بائیڈن نے امریکی تاریخ میں ایک دن میں سب سے بڑی معافی کا اعلان کرکے سب کو حیران کر دیا۔
امریکی میڈٰیا کے مطابق صدر جو بائیڈن نے جمعرات کو غیرتشویش ناک جرائم میں ملوث 39 افراد کو معاف کرنے اور 1,500 سے زائد افراد کی سزاؤں کو کم کرنے کا اعلان کیا۔
یہ اقدام امریکی صدر کی جانب سے اپنے بیٹے ہنٹر کے لیے غیر مشروط معافی پر دستخط کیے جانے کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے۔
جوبائیڈن نے سزاوں میں کمی کا اعلان ان لوگوں کیلئے کیا جنہیں عالمی وبا کورونا کے دوران گھر میں قید رکھا گیا تھا۔
اس موقع پر بائیڈن نے کہا کہ صدر کی حثیت سے مجھے یہ اختیار حاصل ہے کہ میں اُن لوگوں کو معاف کردوں جو اپنے مجرمانہ فعل پر شرمندہ ہیں اور اپنی آئندہ کی زندگی اچھے طریقے سے گزارنا چاہتے ہیں۔ آج کی معافی ان لوگوں کو ایک موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ مستقبل میں امریکا کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کام کریں۔