سینئر اداکار جاوید شیخ کے بیٹے شہزاد شیخ نے کہا ہے کہ مشہور شخصیت کے بچے ہونے کا انڈسٹری میں کوئی مثبت اثر نہیں پڑا۔
اداکار شہزاد شیخ اور اداکارہ مومل شیخ نے ایک نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف سوالات کے جواب دیے۔ شہزاد شیخ نے کہا کہ مشہور شخصیت کے بچے ہونے کا انڈسٹری میں کم فائدہ اور زیادہ منفی اثر ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ انڈسٹری میں قدم رکھنے کے لیے جدوجہد کرنی پڑی۔ شہزاد کا کہنا تھا کہ اگرچہ ایک پلیٹ فارم ملتا ہے، مگر اداکاری سیکھنا اور کرنی خود ہی پڑتی ہے۔ والد جاوید شیخ نے انڈسٹری میں کامیابی کے اصول بتائے تھے اور کہا تھا کہ ان اصولوں پر چل کر ہی آپ آگے بڑھ سکتے ہیں۔
اسی پروگرام میں اداکارہ مومل شیخ نے کہا کہ انہیں اداکاری کی اجازت ملے گی یا نہیں، اس کا انہیں کچھ پتا نہیں تھا۔ انہوں نے شادی کے بعد اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور انہیں اداکاری کی آفر اپنے شوہر کی دوست کے ذریعے ہوئی تھی۔ مومل نے بتایا کہ ان کی اداکاری کے سفر میں سب سے بڑی حمایت ان کے شوہر کی جانب سے ملی۔