Home » شہداء قوم کے ہیرو،قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں،بیرسٹر گوہر کا مولانا کے بیان سے اختلاف،سیاست کو شہداء سے دور رکھنے کی اپیل

شہداء قوم کے ہیرو،قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں،بیرسٹر گوہر کا مولانا کے بیان سے اختلاف،سیاست کو شہداء سے دور رکھنے کی اپیل

by ahmedportugal
9 views
A+A-
Reset

راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)شہداءسے متعلق جاری سیاسی بحث میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان بھی میدان میں آ گئے ہیں،جنہوں نے واضح کیا ہے کہ شہداء قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان میں شہداء کے حوالے سے استعمال کیے گئے الفاظ سے اختلاف کرتے ہوئے زور دیا کہ قومی ہیروز کی قربانیوں کو سیاسی اختلافات سے بالاتر رکھا جانا چاہیے،پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے جوان وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں،جنہیں خراجِ عقیدت پیش کرنا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے جبکہ سیاسی قیادت کو جذباتی بیانات دیتے وقت الفاظ کے انتخاب میں احتیاط برتنی چاہیے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اڈیالہ روڈ داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نےشہداء سے متعلق حالیہ بحث پر اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء قوم کے ہیرو ہیں اور ا کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل دنیا کے خزانے بھی نہیں ہو سکتے،شہداءکی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا،پاک فوج کے جوان اور دیگر سیکیورٹی اہلکار وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں،ان قربانیوں کو کسی مالی پیمانے سے نہیں ناپا جا سکتا،تنخواہ تو کیا دنیا بھر کے خزانے بھی شہداء کی قربانیوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتے۔بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ دہشت گردی ملک کے لیے ایک ناسور ہے جس کا خاتمہ ناگزیر ہے،نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد ہونا چاہیے اور اگر اس میں کسی نئی حکمت عملی یا پالیسی کی ضرورت ہے تو تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر فیصلہ کرنا چاہیے۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ سیاست کے لیے بہت سے دیگر معاملات موجود ہیں،سیاسی رہنماوں کو شہداء کو سیاسی بحث کا حصہ بنانے سے گریز کرنا چاہیے،جذباتی تقاریر میں الفاظ کے انتخاب میں احتیاط ضروری ہے کیونکہ غیر محتاط الفاظ سے قومی جذبات مجروح ہو سکتے ہیں۔مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان کے حوالے سے سوال پر بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ انہوں نے مکمل تقریر نہیں سنی تاہم شہداء کے حوالے سے سامنے آنے والے الفاظ سے اتفاق نہیں کرتے،شہداء قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کا احترام ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی،وقار اور دفاع سب سے مقدم ہیں،ملک دشمن عناصر کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا،دہشت گردی پاکستان کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے قومی اتفاقِ رائے ضروری ہے،ملک ہمارا ہے،فوج ہماری ہے اور پاکستان سب سے پہلے ہے،جو بھی اقدام ملکی وقار،سلامتی اور دفاع کے لیے ضروری ہو گا،اسے قومی مفاد میں دیکھنا چاہیے۔آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات سے متعلق سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انتخابات کے بائیکاٹ سے متعلق پارٹی کا فیصلہ برقرار ہے تاہم اگر وہاں کی صورتحال بہتر ہوتی ہے تو اس فیصلے پر نظرثانی کی جا سکتی ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز