پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ بانی عمران خان کو ڈی چوک احتجاج کے دوران 12 کارکنوں کی شہادت کا بتایا ہے جو رہنما سیکڑوں شہادتیں کہہ رہے ہیں ہم ان سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔
عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی نے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا اور پی ٹی آئی کے قانون سازوں کو اس معاملے کو دونوں ایوانوں میں اٹھانے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مظاہرین کی ہلاکتوں پر بحث اور احتجاج کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کے لیے ریکوزیشن جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی بالکل تندرست ہیں اور ان کی صحت سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں۔
جیل کے ڈاکٹروں کی طرف سے روزانہ اُن کا طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔ پی ٹی آئی کے بانی دن میں دو بار باقاعدہ ورزش سے اپنی فٹنس کو برقرار رکھتے ہیں۔