اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کارکنوں اور عوام کو ہر حال میں تیار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) عمران خان جیسا حکم دیں گے، ویسا ہی کیا جائے گا اور کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ قوم کے لیڈر کو بلاجواز جیل میں رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ڈی چوک جانے کے لیے بھی تیار ہیں اور صرف قیادت کی کال کا انتظار ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق کراچی میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جلسے سے قبل رکاوٹیں ڈالی گئیں، پولیس گردی کی گئی مگر عوام نے تمام بندشیں توڑ کر اجتماع کو کامیاب بنایا،ھ حکومت نے جمہوریت کے دعوے کیے مگر عملی طور پر جمہوری رویہ اختیار نہیں کیا، حتیٰ کہ سندھی ٹوپی اور اجرک کی بے حرمتی بھی کی گئی، جسے عوام کبھی معاف نہیں کریں گے،جو محبت سندھ کے عوام نے دی وہ ہم کبھی نہیں بھول پائیں گے لیکن سندھی ٹوپی اور اجرک کی جو بے حرمتی سندھ حکومت نے کی اس کو آپ بھی مت بھولنا، انہوں نے صرف سندھ کی روایات نہیں توڑیں بلکہ پورے پاکستان کے آئین کا بنیادی ڈھانچہ بدل دیا ہے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں پی ٹی آئی کے ساتھ یکساں طور پر ناروا سلوک کیا گیا تاہم اس کے باوجود کراچی کے عوام نے ثابت کر دیا کہ بغیر سہولیات کے بھی بڑا اور پرامن جلسہ ممکن ہے۔ انہوں نے کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اجتماع نے واضح کر دیا ہے کہ شہر کی نمائندہ جماعت پاکستان تحریک انصاف ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ اگلا پڑاو خیبرپختونخوا ہو گا،جہاں سے سٹریٹ موومنٹ کے ذریعے عمران خان کا پیغام ملک بھر میں پہنچایا جائے گا،جو لوگ یہ سمجھ رہے تھے کہ عمران خان کی سیاست ختم ہو چکی ہے،وہ آج آکر عوامی طاقت دیکھ لیں، قوم متحد ہے، جذبہ موجود ہے اور جب بھی قیادت نے آواز دی،عوام سڑکوں پر ہوں گے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ میرے غیرت مند پاکستانیو اسی طرح آپ لوگوں نے موبلائز رہنا ہے،یہ جذبہ، یہ جنون، یہ جوش ہرگز کم نہیں ہونے دینا، ہم کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دینگے کہ وہ ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالے، ہمارے حقوق سلب کرے، ہمارے قائد عمران خان کو بے جرم قید میں رکھے، آپ لوگوں نے تیار رہنا ہے، جیسے ہی ہمارا لیڈر عمران خان کال دے، وہ جیسا کہے گا، انشااللہ ہم ویسے کر کے دکھائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ سندھ میں نافذ فسطائیت اور رکاوٹیں تاریخ میں یاد رکھی جائیں گی، کیونکہ عوامی راستہ روکا نہیں جا سکتا۔
رکاوٹیں ٹوٹ گئیں،کراچی کی عوام سڑکوں پر نکل آئی،سہیل آفریدی کا سندھ حکومت پر کڑا وار،ملک گیر تحریک کا اعلان
9