عازمین حج کو حج 2025 کیلئے درخواستیں جمع کرانے میں سہولت فراہم کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے 15 نامزد بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملک بھر میں اس ہفتہ اور اتوار کو اپنی متعلقہ شاخیں کھلی رکھیں۔
حج 2025 کے عازمین کے واجبات کے ساتھ حج درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 دسمبر 2024 ہے۔
مرکزی بینک نے یہ ہدایات وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی درخواست کے بعد جاری کی ہیں تاکہ عازمین حج کو حج 2025 کے واجبات کے ساتھ حج درخواستیں جمع کرانے میں سہولت فراہم کی جائے۔
اسٹیٹ بینک نے نامزد بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 30 نومبر 2024 اور ایک دسمبر 2024 کو پورے ملک میں اپنی متعلقہ شاخیں صبح 9:00 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک کھلی رکھیں۔
واضح رہے کہ 23 نومبر کو حکومت پاکستان نے حج 2025 کرنے والے عازمین کے لیے ہوائی کرایوں میں بڑے پیمانے پر کمی کا اعلان کیا تھا۔