ڈھاکہ(ایگزو نیوز ڈیسک)بنگلادیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں شیڈول آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت سے انکار کر دیا ہے، بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اپنے فیصلے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق بی سی بی نے آئی سی سی سے باضابطہ درخواست کی ہے کہ بنگلادیش کے ورلڈ کپ میچز بھارت کے بجائے سری لنکا منتقل کیے جائیں۔ کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ خطے میں موجودہ سیاسی کشیدگی اور سیکیورٹی صورتحال کے باعث قومی ٹیم کا بھارت جانا شدید تحفظات کو جنم دیتا ہے۔بنگلادیشی میڈیا کے مطابق حکومت نے بھی اس معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ کو ہدایت دی تھی کہ وہ آئی سی سی سے باضابطہ رابطہ کرے۔مشیرِ کھیل آصف نذرال نے سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت اور کرکٹ بورڈ کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔بی سی بی کے صدر کا کہنا ہے کہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے کرکٹ بورڈ کا ہنگامی اجلاس جلد طلب کیا جائے گا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا تاہم آئی سی سی کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی با ضابطہ رد عمل سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے قومی ٹیم کے سکواڈ کا اعلان بھی کر دیا ہے۔اعلان کردہ سکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج رکھا گیا ہے تا کہ ٹیم عالمی سطح پر مسابقتی کارکردگی دکھا سکے۔بنگلادیشی ٹیم کی قیادت لٹن داس کو سونپی گئی ہے جبکہ سیف حسن کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔سلیکشن کمیٹی کے مطابق لٹن داس کی مسلسل کارکردگی اور قائدانہ صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں کپتانی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔اتوار کو جاری کردہ سکواڈ میں بیٹر جاکر علی کو خراب کارکردگی کے باعث شامل نہیں کیا گیا۔ 2025 کے دوران جاکر علی کی کارکردگی مایوس کن رہی، جہاں انہوں نے 26 ٹی ٹوئنٹی میچز میں محض 378 رنز بنائے۔سکواڈ میں فاسٹ باولر تسکین احمد کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ٹیم انتظامیہ نے بالخصوص بولنگ ڈیپارٹمنٹ میں تیز باولرز پر انحصار بڑھایا ہے تا کہ بھارتی اور ممکنہ طور پر سری لنکن کنڈیشنز میں بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔اعلان کردہ بنگلا دیشی سکواڈ میں لٹن داس (کپتان)،تنزید حسن،پرویز حسین ایمون،سیف حسن،توحید ہردوئے،شمیم حسین،قاضی نورالحسن سوجن،مہدی حسن،رشاد حسین،نسیم احمد،مستفیض الرحمان،تنزیم حسن ساقب،تسکین احمد،سیف الدین اور شوریف الاسلام شامل ہیں۔