بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عسکریت پسندوں کی جانب سے مربوط حملوں کے ایک دن بعد اہم شاہراہ بلاک کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر سکیورٹی فورسز نے صوبے بھر سے ملک دشمن عناصر کے خاتمے کیلئے کارروائیاں تیز کردیں ہیں۔ گزشتہ روز کابینہ اجلاس میں موسی خیل بس حادثہ پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ اب ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کا وقت آگیا ہے۔ اُن سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب کو موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں عسکریت پسندوں نے ایک ہائی وے پر قبضہ کیا اور 23 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، جن میں زیادہ تر پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدور تھے۔ اس کے علاوہ عسکریت پسندوں نے بلوچستان کو ملک کے باقی حصوں سے ملانے والے ہوٹل اور ریلوے پل پر بھی حملہ کیا۔