Home » بلوچستان میں دہشت گردوں کا بڑا منصوبہ ناکام،18 دہشت گرد مارے گئے،3 شہری شہید،2 سیکیورٹی اہلکار زخمی

بلوچستان میں دہشت گردوں کا بڑا منصوبہ ناکام،18 دہشت گرد مارے گئے،3 شہری شہید،2 سیکیورٹی اہلکار زخمی

by ahmedportugal
20 views
A+A-
Reset

راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)بلوچستان کے ضلع سوراب میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 18 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی بارود سے بھری گاڑی بھی دھماکے سے تباہ ہوگئی،جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ تین شہری بھی جان کی بازی ہار گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع سوراب میں دہشت گرد بارود سے بھری گاڑی تیار کررہے تھے کہ اسی دوران گاڑی اچانک دھماکے سے پھٹ گئی۔دھماکے کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ واقعے میں تین شہری بھی شہید ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کردیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ممکنہ ٹھکانوں،نقل و حرکت اور فرار ہونے والے عناصر کا سراغ لگانے کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مشترکہ کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا اور مزید 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔اس کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا،جس میں دو سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سوراب اور ملحقہ علاقوں میں ممکنہ دہشت گرد موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔سیکیورٹی فورسز علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے،ممکنہ خطرات کا خاتمہ کرنے اور دہشت گرد عناصر کے باقی ماندہ نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے کارروائیاں کررہی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ ملک میں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں ملک کے امن،شہریوں کے تحفظ اور قومی سلامتی کو اولین ترجیح حاصل ہے۔سوراب میں ہونے والی کارروائی میں مجموعی طور پر 18 دہشت گردوں کی ہلاکت اور تین شہریوں کی شہادت کی اطلاعات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف انٹیلی جنس اور آپریشنل بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔حکام کے مطابق کلیئرنس آپریشن مکمل ہونے تک علاقے میں سیکیورٹی اقدامات برقرار رکھے جائیں گے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے،بارودی مواد یا باقی ماندہ دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز