راولپنڈی(ایگزو نیوزڈیسک)بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر ہزہائینس جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے جنرل ہیڈکوارٹرز(جی ایچ کیو)راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،نشانِ امتیاز(ملٹری)،ہلالِ جرات،چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے اہم ملاقات کی ہے،جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور پاک بحرین دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے مختلف پہلووں پر غور کیا گیا۔دونوں رہنماوں نے دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عسکری تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔نیول ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون،خطے کی بحری سکیورٹی اور مشترکہ چیلنجز پر گفتگو ہوئی۔بحرینی کمانڈر نے پاک بحریہ کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں بحری استحکام کا اہم ستون قرار دیا۔ایئر ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کے دوران ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی جدید کاری،آپریشنل تیاریوں،مقامی دفاعی پیداوار،تربیتی اصلاحات اور تکنیکی ترقی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر ڈرون ٹیکنالوجی،مصنوعی ذہانت،خودکار نظام،جدید سینسرز اور ڈیجیٹل دفاعی نظام جیسے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔بحرینی کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت،آپریشنل تیاری اور علاقائی امن کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے دفاعی تعاون،تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مزید اشتراک میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط، دیرینہ اور اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری کا واضح مظہر ہے، جس سے مستقبل میں عسکری تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔
بحرینی نیشنل گارڈ کمانڈر کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات،عسکری تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
12