اسلام آباد: حکومت نے گاڑیوں اور موٹر بائیکس کی ٹرانسفر فیس میں غیر معمولی اضافہ کر دیا، جس کا اطلاق آج سے ہو گیا ہے۔ نئی شرح کے مطابق فیس میں 300 فیصد سے 1100 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔ جس کے بعد 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس 1200 سے بڑھا کر 2750 کر دی گئی۔
1000 سے 1800 سی سی تک کی گاڑیوں کی فیس 2 ہزار سے بڑھا کر 5500 روپے جبکہ 1800 سی سی سے اوپر کی گاڑیوں کی فیس 3 ہزار سے بڑھا کر 11 ہزار روپے کر دی گئی۔
پہلی بار الیکٹرک گاڑیوں پر ٹرانسفر فیس عائد کی گئی ہے۔ 50 کلو واٹ تک کی الیکٹرک گاڑیوں پر 2500 روپے فیس، 50 سے 100 کلوواٹ تک کی الیکٹرک گاڑیوں پر 5500 روپے فیس اور 100 کلو واٹ سے زیادہ الیکٹرک گاڑیوں پر 10 ہزار روپے کی ٹرانسفر فیس مقرر کی گئی ہے۔
200 سی سی تک کی موٹر سائیکلوں کی فیس 150 سے بڑھا کر 550 روپے، 200 سے 400 سی سی تک کی موٹر سائیکل کی فیس 1000 روپے اور 400 سی سی سے اوپر کی موٹر سائیکلوں کی فیس 1500 روپے کر دی گئی ہے۔
تمام فیس وزارت خزانہ کے نامزد اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائیں گی۔