پاکستانی بلے باز بابر اعظم جمعہ کو ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کو پیچھے چھوڑ کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 11 ہزار رنز بنانے والے بلے باز بن گئے۔
بابر نے سنچورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی 20 کے دوران شاندار سنگ میل عبور کیا، جہاں انہوں نے 31 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کا مجموعی اسکور 206-5 تک پہنچا دیا۔
کرس گیل نے یہ کارنامہ 314 اننگز میں انجام دیا تاہم بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 11 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے صرف 298 اننگز کھیلی۔
اسٹار بلے باز یہ غیر معمولی کارنامہ انجام دینے والے عالمی سطح پر نہ صرف 11ویں کھلاڑی ہیں بلکہ شعیب ملک کے بعد پاکستان کے دوسرے کھلاڑی بھی ہیں۔
تاہم، شعیب اور بابر کے پاس اسٹرائیک ریٹ کے لحاظ سے سب سے سست رفتاری سے سنگ میل تک پہنچنے کا ریکارڈ بھی ہے۔ شعیب نے 127.47 کے اسٹرائیک ریٹ سے اپنے 11000 رنز مکمل کیے جبکہ بابر کا اسٹرائیک ریٹ 129.37 تھا۔
اسٹرائیک ریٹ کے لحاظ سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 11000 رنز بنانے کا ریکارڈ کیرون پولارڈ کے پاس ہے جنہوں نے 150.51 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ یہ کارنامہ انجام دیا۔
مزید برآں، بابر اعظم نے بین الاقوامی کرکٹ میں 14000 رنز بھی عبور کر لیے ہیں، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پانچویں پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔