لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے کارکنان 9 مئی کے واقعات میں براہِ راست ملوث تھے، ریڈیو پاکستان پر حملہ اور پشاور میں ہنگامہ آرائی میں تحریک انصاف کے افراد نے حصہ لیا جبکہ سہیل آفریدی اور دیگر قائدین کے اقدامات نے عوامی امن و امان کو شدید خطرے میں ڈال دیا، پی ٹی آئی کی منفی سیاست عوام کو فساد کی طرف ابھارنے کے مترادف ہے اور صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہو چکی ہے،اس موقع پر عوام کو ہوشیار رہنے اور ملک میں امن قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے 9 مئی کے ہنگاموں اور ریڈیو پاکستان پر حملے کے حوالے سے فرانزک رپورٹ کا تفصیلی جائزہ پیش کیا اور تحریک انصاف پر سنگین الزامات عائد کیے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فرانزک رپورٹ نے فسادی عناصر کو بے نقاب کر دیا ہے اور ثابت ہوا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان نے نہ صرف ریڈیو پاکستان پر حملے میں حصہ لیا بلکہ 9 مئی کو پشاور میں ہونے والے ہنگاموں میں بھی براہِ راست ملوث تھے،سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی کے کارکنان نے اپنے فیس بک اکاونٹس پر ویڈیوز اور پیغامات خود شیئر کیے،جو ان کی ملوثیت کا واضح ثبوت ہیں،مراد سعید نے کہا تھا سب بتائی ہوئی جگہوں پرپہنچیں،سہیل آفریدی مزار قائد پر جا کر معافی مانگیں،جوانہوں نے جنا ح ہاوس کا حال کیا،پی ٹی آئی کے لوگ ہمیشہ جرائم کا انکار کرتے آئے ہیں اور اس کے 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے بھی مسلسل جھوٹ پھیلا رہے ہیں حالانکہ فرانزک رپورٹ لاہور میں تیار کی گئی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایک لڑکی کا حجاب درست کیا تو اس پر شور مچ گیا،اب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک بچے کو گود میں بٹھا کر گفتگو کی جا رہی ہے لیکن اس پر فخر کیا جا رہا ہے اور خوشی منائی جا رہی ہے،بچہ کہہ رہا ہے میں محنت مزدوری کرنے یہاں آیا تھا،آپ کےلئے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے کہ آپ کے بچے چائلڈ لیبرپر مجبور ہیں،وہ بھی دوسرے صوبے میں،خیبر پختونخوا کی حکومت کی توجہ منفی سیاست کی بجائے عوامی خدمت پر ہونی چاہیے،خیبر پختونخوا کی حکومت اب عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے،ان کے لیڈر کی خواتین کے ساتھ بدتمیزی اور عوامی بے حرمتی کو وہ کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ہر نیا سال پاکستان کیلئے نئی خوشخبریاں لا رہا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات کو انٹرنیشنل سطح پر سراہا جا رہا ہے، اوورسیز کی جانب سے ریکارڈ ترسیلات زر آئیں، مسلم لیگ ن کے دور میں تمام اچھے کام ہوتے ہوئے نظر آتے ہیں، خیبرپختونخوا میں صحت اور تعلیم کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں اور پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ملک میں کوئی مثبت منصوبہ شروع نہیں ہوا، جبکہ تمام کامیاب اقدامات مسلم لیگ ن کے دور میں ہوئے۔عظمیٰ بخاری نے سندھ حکومت کے جلسے کے حوالے سے بھی سخت تنقید کی اور کہا کہ ملک میں ایک فساد گروپ بھی وجود میں لایا گیا، جس کی ہمیشہ سے ملک میں انارکی پھیلانے کی کوشش رہتی ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سندھ کا دورہ کیا، کل سہیل آفریدی کے کارکنوں کی جانب سے میڈیا کی گاڑیوں پر پتھراو کیا گیا،یہ دہشت گردی اورفساد سے نہیں ہٹ سکتے، تحریک انصاف کی سیاست صرف عوام کو فساد اور انارکی کی طرف ابھارنے پر مرکوز ہے اور صوبائی حکومت کو عوامی خدمت کی بجائے منفی سیاست پر توجہ مرکوز رکھنے پر شدید تشویش ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان عناصر کے فریب میں نہ آئیں اور ملک میں امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔