Home » مریم نواز کے لندن دورے پر تنقید کرنے والوں کو عظمیٰ بخاری کا کرارا جواب،اخراجات کی حقیقت بھی بتا دی

مریم نواز کے لندن دورے پر تنقید کرنے والوں کو عظمیٰ بخاری کا کرارا جواب،اخراجات کی حقیقت بھی بتا دی

by ahmedportugal
18 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورہ لندن کے اخراجات سے متعلق جاری ہونے والی تنقید اور سیاسی بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ اپنے لندن دورے کے تمام اخراجات ذاتی طور پر برداشت کریں گی اور اس حوالے سے روانگی سے قبل ہی واضح ہدایات جاری کر دی گئی تھیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ بطور وزیر اطلاعات اس معاملے پر پہلے ہی انتہائی ذمہ داری کے ساتھ واضح کرچکی ہیں کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اپنے دورہ لندن کے تمام اخراجات خود ادا کریں گی تاہم ان کے وطن واپس پہنچنے سے قبل ہی بعض حلقوں کی جانب سے حقائق جانے بغیر تنقید اور پروپیگنڈا شروع کردیا گیا۔وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ سرکاری نظام میں کسی بھی دورے کے اخراجات کا تعین فوری طور پر نہیں کیا جاتا بلکہ اس کے لیے باقاعدہ قانونی اور انتظامی طریقہ کار موجود ہے۔ان کے مطابق دورہ مکمل ہونے کے بعد متعلقہ اخراجات کا تخمینہ تیار کیا جاتا ہے،اس کے بعد مقررہ طریقہ کار کے تحت چالان کے ذریعے ادائیگی عمل میں آتی ہے۔انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی ایسا معاملہ نہیں کہ سفر ختم ہونے سے پہلے ہی موبائل فون پر ایزی پیسہ یا جاز کیش کی طرح چند بٹن دبا کر مکمل حساب سامنے رکھ دیا جائے۔ان کا موقف تھا کہ وزیراعلیٰ کا دورہ ابھی مکمل بھی نہیں ہوا تھا لیکن اس کے اخراجات کے حوالے سے سیاسی بحث اور الزامات کا سلسلہ پہلے ہی شروع کردیا گیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز شریف نے لندن روانگی سے قبل واضح طور پر ہدایت کردی تھی کہ دورے کے تمام اخراجات وہ اپنی ذاتی حیثیت میں برداشت کریں گی،اس لیے دورہ مکمل ہونے اور باقاعدہ تخمینہ سامنے آنے سے پہلے اخراجات کے بارے میں قیاس آرائیاں کرنا حقائق کے منافی ہے۔وزیر اطلاعات نے اپنے بیان میں سیاسی مخالفین کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ جو لوگ ماضی میں قومی خزانے سے اربوں روپے خرچ کرکے عیاشیاں کرتے رہے،وہ آج دوسروں پر انگلیاں اٹھا کر خود کو پاک دامن ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں کے اپنے دامن پر کرپشن کے داغ موجود ہیں،انہیں دوسروں پر الزامات عائد کرنے سے قبل اپنے ماضی اور طرزِ عمل پر بھی نظر ڈالنی چاہیے۔

عظمیٰ بخاری نے مخالفین کی تنقید کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حقائق سامنے آنے سے پہلے کسی بھی معاملے کو متنازع بنانا مناسب نہیں۔عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان کے اختتام پر مخالفین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک مرتبہ پھر شرمندگی اور ذلت کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے اور اس حوالے سے ”تھوڑا سا انتظار اور“ کرنا ہو گا۔وزیر اطلاعات پنجاب کے اس بیان کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے دورہ لندن کے سرکاری اخراجات اور ان کی ذاتی ادائیگی سے متعلق سیاسی بحث ایک بار پھر نمایاں ہوگئی ہے جبکہ حکومتی موقف یہ ہے کہ دورے کے مکمل اخراجات کا حتمی حساب باقاعدہ سرکاری طریقہ کار مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز