Home » چترال میں قیامت ٹوٹ پڑی،برفانی تودے نے ایک ہی خاندان کے 9 چراغ گل کر دیے

چترال میں قیامت ٹوٹ پڑی،برفانی تودے نے ایک ہی خاندان کے 9 چراغ گل کر دیے

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں شدید برفباری ایک ہی خاندان کے لیے قیامت بن کر ٹوٹ پڑی،جہاں ایک مکان پر برفانی تودہ گرنے سے نو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک کمسن بچی معجزانہ طور پر زندہ بچ نکلی۔ افسوسناک واقعہ چترال کے دور افتادہ علاقے سریگال دمیل ارندو میں پیش آیا،جہاں باچا نامی شخص کے گھر پر شدید برفباری کے باعث پہاڑ سے تودہ آ گرا۔
ایگزو نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے پہاڑی ضلع چترال میں قدرت نے ایسا قہر ڈھایا کہ ایک پل میں ہنستا بستا گھر ماتم کدے میں بدل گیا۔شدید برفباری کے بعد اچانک گرنے والے برفانی تودے نے ایک ہی خاندان کے نو چراغ ہمیشہ کے لیے گل کر دیے جبکہ ملبے تلے سے زندہ نکالی جانے والی ایک کمسن بچی اس المناک سانحے میں امید کی واحد کرن بن کر سامنے آئی۔حادثے کے وقت گھر میں خواتین اور بچوں سمیت دس افراد موجود تھے،جو اچانک گرنے والے تودے کے باعث ملبے تلے دب گئے۔اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں اور محدود وسائل کے باوجود ملبہ ہٹا کر نو لاشیں نکال لیں جبکہ ایک بچی کو زندہ نکال لیا گیا جسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔جاں بحق ہونے والوں میں 4 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں،علاقہ دشوار گزار ہونے اور شدید موسمی حالات کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا تاہم مقامی لوگوں کی بروقت کوششوں نے ایک جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انتظامیہ کے مطابق متاثرہ خاندان کے دیگر افراد کی تدفین کی تیاری جاری ہے اور علاقے میں مزید برفانی تودے گرنے کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چترال میں برفانی تودہ گرنے کے المناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔صدر آصف علی زرداری نے شدید بارش اور برفباری کو موسمیاتی ہنگامی صورتحال کی واضح علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں نقصانات کم کرنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز