اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی جانب سے لگائے جانے والے دھاندلی کے الزامات پر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ الزام لگانے سے پہلے خود میدان میں آنا ضروری ہے، کسی عمل میں شریک نہ ہونے کے بعد الزامات لگانا غیر منصفانہ اور سیاست میں سب سے بڑی غلطی بائیکاٹ کرنا ہے۔ عطاءتارڑ نے جماعت اسلامی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک پرامن جماعت ہے، جو ہمیشہ احتجاج کے دوران بھی شائستہ رویہ اختیار کرتی ہے اور کسی قسم کی تباہ کاری یا ہنگامہ آرائی میں ملوث نہیں ہوتی۔
ایگزو نیوز کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سیاست میں سب سے بڑی غلطی بائیکاٹ کی ہوتی ہے جبکہ دھاندلی کے الزامات لگانے سے پہلے پارٹی یا امیدوار کو میدان میں موجود ہونا چاہیے،کسی عمل میں شریک نہ ہونے کے بعد دھاندلی کا الزام لگانا غلط ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور معرکہ حق میں ڈیجیٹل میڈیا نے اہم کردار ادا کیا،دشمن کو دشمن کی زبان میں جواب دینا ضروری ہے تا کہ معلومات اور پیغامات موثر انداز میں پہنچ سکیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی اتحادی ہے اور ہر موقع پر بھرپور ساتھ دیا جبکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیے اور حالیہ بڑے جلسے میں ایک بھی پتہ یا شے خراب نہیں ہوئی۔عطا تارڑ نے سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف چلائی جانے والی مذموم مہم پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ سیاست میں بات چیت اور مکالمے سے ہی معاملات آگے بڑھتے ہیں،مثبت رویہ اختیار کرنے سے مسائل کا حل ممکن ہے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو مل کر آگے بڑھنا چاہیے۔وفاقی وزیر نے ڈیجیٹل میڈیا پر فیک نیوز کی روک تھام میں اس کے اہم کردار پر بھی زور دیا اور کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کو ملکی مفاد میں استعمال کرتے ہوئے حقائق کو سامنے لانے میں کردار ادا کرنا چاہیے،مثبت،شفاف اور تعمیری سیاست کے ذریعے ہی مسائل کا حل ممکن ہے اور ملک میں جمہوری عمل کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
دھاندلی کے الزامات لگانے سے پہلے خود میدان میں آئیں،عطاءاللہ تارڑ کا تحریک انصاف کے الزامات پر کرارا جواب
16