Home » افغان فورسز کو عبرتناک شکست ہوئی،افغانستان ہوش کے ناخن لے،دوبارہ جارحیت کی تو جواب سنگین ہو گا،عطاء اللہ تارڑ کا انتباہ

افغان فورسز کو عبرتناک شکست ہوئی،افغانستان ہوش کے ناخن لے،دوبارہ جارحیت کی تو جواب سنگین ہو گا،عطاء اللہ تارڑ کا انتباہ

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ افغان طالبان نے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی کر کے اپنی اصل سوچ کو بے نقاب کر دیا ہے تاہم پاک فوج کے موثر اور بھرپور جواب کے بعد دشمن کو منہ توڑ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان کے عوام اب طالبان حکومت کے پیچھے نہیں ہیں، اور اگر آئندہ بھی افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی تو اس کا جواب پہلے سے زیادہ سخت اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے بتایا کہ پاک فوج نے گزشتہ شب افغان جانب سے کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ اور حملے کا انتہائی پیشہ ورانہ اور بھرپور جواب دیا، جس کے نتیجے میں 200 سے زائد افغان طالبان اور ان سے منسلک دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ متعدد کیمپ اور چوکیاں تباہ کر دی گئیں،افغان فورسز اپنی چوکیوں کو چھوڑ کر فرار ہوگئیں، پاک فوج نے دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حیرت انگیز طور پر یہ حملہ اس رات کیا گیا جب طالبان حکومت کے وزیر خارجہ بھارت میں موجود تھے اور وہاں سے پاکستان مخالف بیانات دے رہے تھے،افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے اور ہمارے پاس اس کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں،ان حملوں کے پیچھے واضح طور پر بیرونی ہاتھ ہیں،جن کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان عوام کے ساتھ بھائی چارے اور امن کا پیغام دیا لیکن طالبان حکومت نے اس نیکی کا بدلہ بدی سے دیا ہے،اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کریں، دہشت گردی کے سہولت کاروں کے لیے پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے رات کے اندھیرے میں ہونے والی بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور جواب دے کر نہ صرف دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائے بلکہ ان کے تربیتی مراکز اور منصوبہ بندی کے اڈے بھی تباہ کر دیے،پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک واضح اور نا قابل مصالحت موقف رکھتا ہے اور کسی بھی دشمن کو اپنی سرزمین یا عوام کے خلاف سازش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور عوام 2014 کے آپریشنز سے گزر چکے ہیں،جب دہشت گردی کے خلاف ایک تاریخی جنگ لڑی گئی،وزیر اعظم نواز شریف کے دور میں دہشت گردی ختم کی گئی تھی مگر بانی پی ٹی آئی  نے دہشت گردوں کو واپس لاکر آباد کیا،آج ایک بار پھر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری افواج صفِ اول میں ہیں اور دشمن کی ہر چال ناکام بنا دی جائے گی۔وفاقی وزیر  نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ پاک فوج کے جوابی حملوں کے بعد افغان سرحد پر فائرنگ کا سلسلہ رک گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ واضح پیغام ہے کہ اگر پاکستان پر حملہ کیا گیا تو اس کا جواب دس گنا زیادہ سخت دیا جائے گا، دہشت گردوں،ان کے سہولت کاروں اور پشت پناہوں کے لیے اب کوئی گنجائش نہیں رہی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز