Home » عمران خان کے طبی معائنے پر حکومت کا دوٹوک مؤقف، عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کے الزامات مسترد کردیئے

عمران خان کے طبی معائنے پر حکومت کا دوٹوک مؤقف، عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کے الزامات مسترد کردیئے

by ahmedportugal
11 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق حکومت کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کی تمام شرائط اور قانونی تقاضے مکمل کیے گئے اور معائنہ شفاف انداز میں کرایا گیا تاہم تحریک انصاف کی جانب سے اس معاملے کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت کا ابتدا ہی سے واضح موقف ہے کہ صحت جیسے حساس معاملے کو سیاسی تنازع نہیں بنانا چاہیے،سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن کسی بھی فرد کی صحت کے معاملے پر طنز،تضحیک یا سیاسی پوائنٹ سکورنگ مناسب نہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے عمران خان سے متعلق عدالتی حکم کے بعد کسی توہین آمیز یا غیر قانونی طرز عمل کا مظاہرہ نہیں کیا بلکہ آئین،قانون اور عدالتی ہدایات کی روشنی میں تمام ضروری انتظامات کیے گئے،طبی معائنے کے دوران مطلوبہ طبی ماہرین کی موجودگی بھی یقینی بنائی گئی،عمران خان کے طبی معائنے کے وقت ان کی ہمشیرہ اور شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے جبکہ سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات بھی مکمل کیے گئے تھے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ معائنے کا پورا عمل شفاف طریقے سے مکمل ہوا اور انتظامیہ نے سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد میں کوئی کوتاہی نہیں کی،حکومت کسی بھی قیدی کو غیر معمولی یا خصوصی سہولت دینے کے حق میں نہیں،اگر کسی قیدی کو طبی سہولت درکار ہو تو اسے قانون اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق فراہم کیا جانا چاہیے تاہم ایسا تاثر نہیں دیا جا سکتا کہ کسی مخصوص قیدی کے لیے الگ اصول وضع کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست میں بھی یہی بنیادی سوال اٹھایا گیا ہے کہ اگر کسی مخصوص نوعیت کی سہولت فراہم کی جاتی ہے تو کیا یہی سہولت ملک بھر کے دیگر قیدیوں کو بھی دستیاب ہے یا نہیں،حکومت کا موقف ہے کہ قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے اور کسی کو خصوصی استثنیٰ حاصل نہیں ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے تحریک انصاف کی جانب سے سامنے آنے والے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کے بعد حکومت نے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جبکہ دوسری جانب سیاسی بیانات اور احتجاج کے ذریعے ماحول کو کشیدہ بنانے کی کوشش کی گئی۔عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے باہر لوگوں کی موجودگی اور سیکیورٹی صورتحال بھی ایک سوال ہے،اگر کسی عدالتی حکم کے تحت طبی معائنہ کرایا جا رہا تھا تو پھر ہسپتال کے باہر لوگوں کو جمع کرنے اور سیاسی سرگرمیوں کی ضرورت کیوں پیش آئی،حکومت نے اس پورے معاملے میں قوم کو حقائق سے آگاہ رکھنے کی کوشش کی اور عدالتی فیصلے کے بعد طبی معائنے کے تمام مراحل کو قانون کے مطابق مکمل کیا،حکومت کا موقف آج بھی وہی ہے کہ صحت کے معاملات کو سیاسی تنازعات سے الگ رکھا جانا چاہیے۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے حکومت پر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں تاہم حکومت سمجھتی ہے کہ اس نے عدالتی ہدایات کی مکمل پاسداری کی ہے۔انہوں نے پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت جیسے حساس معاملے کو سیاسی مہم کا حصہ بنانا مناسب نہیں ۔وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ بار کونسلز کی جانب سے سیاسی مقاصد کے لیے ان کے نام یا موقف کے استعمال پر بھی تحفظات سامنے آئے ہیں،کسی بھی ادارے یا نمائندہ فورم کو سیاسی بیان بازی کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف نے اس معاملے کو سیاسی بیانیے میں تبدیل کیا اور احتجاج و بیانات کے ذریعے ماحول کو متاثر کیا،حکومت آئندہ بھی عمران خان سمیت ہر قیدی کے طبی حقوق کے حوالے سے قانون اور آئین کے مطابق اقدامات جاری رکھے گی تاہم صحت کے معاملے پر کسی قسم کا امتیازی یا خصوصی نظام قبول نہیں کیا جائے گا۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت کے نزدیک اصل اصول یہ ہے کہ صحت سب کا حق ہے لیکن قانون بھی سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے،عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق حکومتی موقف اور تمام قانونی نکات عدالت کے سامنے موجود ہیں اور آئندہ معاملہ قانونی فورم پر ہی آگے بڑھے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز