لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں جاری انتخابی عمل کے بعد حکومت پاکستان مسلم لیگ ن ہی بنائے گی،عوام ترقی،تعمیر اور خدمت کی سیاست کو ترجیح دے رہے ہیں اور پارٹی کو بھرپور عوامی حمایت حاصل ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ میرپور ڈویژن سے مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں،جس کے پیچھے پارٹی کارکنوں کی مسلسل محنت،منظم انتخابی مہم اور عوامی رابطہ مہم کا اہم کردار ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیری عوام کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے،ان کے آباو اجداد نے آزادی اور حقوق کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو قومی اور عالمی سطح پر اجاگر کیا اور ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کی۔عطا اللہ تارڑ نے مہاجر نشستوں سے متعلق اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر بلاجواز سوالات اٹھا رہے ہیں،جو دراصل ایک سازش کا حصہ ہیں تاہم ایسی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ عوام سیاسی حقائق سے آگاہ ہیں اور وہ ترقیاتی کاموں اور کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں مسلم لیگ ن کے حق میں عوامی حمایت نظر آ رہی ہے اور ہر طرف شیر کے نشان کی آواز سنائی دے رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکنوں نے انتخابی مہم میں بھرپور کردار ادا کیا ہے اور عوامی اعتماد مسلم لیگ ن کی سب سے بڑی طاقت ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ سمیت عالمی پلیٹ فارمز پر مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں پیش کیا جبکہ مسلم لیگ ن کے ادوار حکومت میں آزاد کشمیر میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست کرنا ہر سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے تاہم جو جماعتیں آزاد کشمیر میں انتخابی مہم چلا رہی ہیں انہیں عوام کے سامنے اپنی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں کا حساب بھی پیش کرنا چاہیے۔عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن تعمیر و ترقی، عوامی فلاح اور خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ترقیاتی کاموں کے میدان میں کوئی بھی جماعت اس کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ان کے بقول عوام ہمیشہ ان قوتوں کا ساتھ دیتے ہیں جو عملی اقدامات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔