لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو گلبرگ کے علاقے میں جلاو گھیراو اور گاڑیاں نذر آتش کرنے سے متعلق دو مقدمات کا تفصیلی تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید کو مجموعی طور پر 33 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی، جب کہ ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
عدالت کے تحریری فیصلے کے مطابق میاں محمود الرشید کو مختلف دفعات کے تحت الگ الگ سزائیں دی گئیں جو مجموعی طور پر 33 سال قید بنتی ہیں، جب کہ ان پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ استغاثہ کی جانب سے پیش کردہ شواہد، دستاویزی مواد اور فارنزک رپورٹس کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد عدالت اس نتیجے پر پہنچی کہ بعض ملزمان کے خلاف الزامات ثابت ہوتے ہیں، تاہم شواہد کی عدم موجودگی پر 23 ملزمان کو بری کر دیا گیا۔تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے مقدمات کی تفتیش کے دوران ملزمان کو قصور وار قرار دیا، جب کہ کسی بھی ملزم نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کو کسی فورم پر چیلنج نہیں کیا۔ عدالت کے مطابق اگرچہ ملزمان نے اپنے حتمی بیانات میں خود کو بے قصور قرار دیا، تاہم استغاثہ کی جانب سے پیش کردہ شواہد ان بیانات کے برعکس پائے گئے۔عدالتی فیصلے میں یہ بھی درج ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کا سازش سے متعلق میٹنگ میں موجود ہونا ثابت ہوا۔ پراسیکیوشن کے مطابق ان رہنماوں نے جلاو گھیراو کے واقعات کے لیے عوام میں اشتعال اور انتشار پھیلانے میں کردار ادا کیا۔کیس کی سماعت کے دوران عدالت کو ملزمان کے درمیان ہونے والے متعدد واٹس ایپ پیغامات، 70 سے زائد سوشل میڈیا اکاونٹس کی تفصیلات اور ان سے متعلق فارنزک رپورٹس پیش کی گئیں، جنہیں عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا۔ عدالت نے ان شواہد کو مقدمات کے تناظر میں اہم قرار دیتے ہوئے فیصلے میں شامل کیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے مطابق دونوں مقدمات میں شواہد کے جامع جائزے کے بعد 7 ملزمان کو مختلف سزائیں سنائی گئیں، جب کہ باقی ملزمان کے خلاف الزامات ثابت نہ ہونے پر انہیں بری کر دیا گیا۔ تحریری فیصلے میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ عدالت نے قانون اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر فیصلہ سنایا اور کسی قسم کے دباو یا قیاس آرائی کو خاطر میں نہیں لایا گیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کا 9 مئی کیسز کا سخت ترین تفصیلی فیصلہ جاری،محمود الرشید کو 33 سال،یاسمین راشد و دیگر کو 10،10 سال قید کی سزائیں
7