راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق 32 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔
اے ٹی سی کے خصوصی جج امجد علی شاہ نے 13 جنوری تک ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے قانونی کارروائی جاری رکھتے ہوئے انہیں عارضی ریلیف کی اجازت دے دی۔
بشریٰ کے خلاف راولپنڈی، اٹک اور چکوال کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔ سماعت کے دوران، وہ کمرہ عدالت میں موجود تھیں اور اپنی ضمانت کے لیے مطلوبہ ضمانتی مچلکے جمع کرائے۔ ضمانت منظور ہونے کے بعد، بشریٰ عدالت کے احاطے سے چلی گئیں، اور ان کی اگلی پیشی جنوری کے وسط میں طے ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی دیگر قیادت کے ساتھ بشریٰ بی بی پر بھی تین رینجرز اہلکاروں کی موت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جو مبینہ طور پر گاڑی سے ٹکرانے کے بعد اپوزیشن پارٹی کے "کرو یا مرو” کے احتجاج کے دوران ہلاک ہو گئے تھے۔