انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے سینئر صحافی مطیع اللہ جان کی ضمانت منظور کر لی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے 10، 10 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے مطیع اللہ کو رہا کرنے کا حکم دیا۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے مطیع اللہ جان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ معطل کر دیا تھا۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے احکامات جاری کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی تھی کہ سینئر صحافی کو عدالتی تحویل میں رکھا جائے۔
گزشتہ روز سینئر صحافی مطیع اللہ جان کو تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا جہاں پولیس نے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے مطیع اللہ کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔