امریکی شہر نیو اورلینز میں ایک ٹرک ہجوم پر چڑھ دوڑا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیو اورلینز کے فرانسیسی کوارٹر میں بدھ کی صبح ایک ٹرک ڈائیور نے اپنا ٹرک ایک بڑے ہجوم پر چڑھا دیا جس سے 10 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل سی بی ایس نیوز نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ پہلے ایک ٹرک تیز رفتاری سے ہجوم سے ٹکرایا، پھر ڈرائیور گاڑی سے باہر نکلا اور فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔
نیو اورلینز پولیس کے ترجمان نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ ابتدائی رپورٹس میں یہ بتایا گیا ہے کہ ایک گاڑی لوگوں کے گروپ میں گھس گئی تھی۔ زخمیوں کی حالت ابھی تک واضح نہیں ہے، لیکن ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ جہاں یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا وہاں لوگ نئے سال کا جشن منانے کیلئے جمع ہوئے تھے۔