راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی مسلسل حمایت کے ساتھ صوبے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا،جس میں انہوں نے ملک کے مستقبل کی سمت کے تعین کے لیے قومی اتحاد،استقامت اور اجتماعی عزم کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کا عزم غیر متزلزل ہے جبکہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ پاکستان اور عوام کے لیے خطرہ بننے والے دہشت گرد عناصر کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی پشت پناہی حاصل پراکسیز نے بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تاہم مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے متحد ہو کر ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔انہوں نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جبکہ یہاں کے محب وطن، باہمت اور ثابت قدم عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔آرمی چیف نے بلوچستان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد صوبے کے سماجی و معاشی منظرنامے میں مثبت تبدیلی لانا اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ امن،ترقی اور خوشحالی کے لیے ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان مضبوط شراکت داری ضروری ہے۔فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد،حوصلے اور ثابت قدمی کے ساتھ ملک کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ کے شرکا نے پاکستان کے استحکام،ترقی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
