راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان آرڈننس فیکٹریز(پی او ایف)واہ کا دورہ کیا،جہاں انہیں دفاعی پیداوار،جدید عسکری سازوسامان کی تیاری، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور ادارے کے برآمدی امکانات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پی او ایف کی مختلف سرگرمیوں،دفاعی ضروریات کی تکمیل میں اس کے کردار اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد کو مزید مستحکم بنانے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پی او ایف میں مقامی سطح پر ڈیزائن اور تیار کیے جانے والے مختلف ہتھیاروں اور گولہ بارود کا جائزہ لیا جبکہ ان کے تجربات اور آزمائشی مراحل کا بھی مشاہدہ کیا۔انہوں نے ادارے کے افسران، ماہرین اور ورک فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیت،محنت اور بلند حوصلے کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو دفاعی پیداوار کے شعبے میں جاری توسیعی اور جدید کاری کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ پی او ایف میں دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب اور تیاری کا عمل جاری ہے،جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔دورے کے دوران پی او ایف کی پیداواری استعداد بڑھانے،مقامی سطح پر دفاعی سازوسامان کی تیاری کو فروغ دینے اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔فیلڈ مارشل کو ادارے کی برآمدی صلاحیت اور دفاعی مصنوعات کے حوالے سے مستقبل کے امکانات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دفاعی پیداوار سے متعلق نئے قانونی و انتظامی فریم ورک کے نفاذ کے بعد پی او ایف کی تنظیم نو اور کارپوریٹائزیشن کے عمل میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی دفاعی ضروریات پوری کرنے،مقامی دفاعی صنعت کو مضبوط بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے پی او ایف کے کردار کو سراہا۔دورے کے اختتام پر عسکری قیادت کی جانب سے دفاعی شعبے میں خودانحصاری،مقامی پیداوار،صنعتی استعداد میں اضافے اور تکنیکی جدت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ پی او ایف کو ملکی دفاعی صنعتی بنیاد کا اہم ستون قرار دیا گیا۔