تہران(ایگزو نیوز ڈیسک)ایرانی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر پیر کو تہران کا دورہ کریں گے،جہاں ان کی اہم ایرانی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق دورے کا بنیادی مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق تہران میں میڈیا بریفنگ کے دوران اسماعیل بقائی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں اور اعلیٰ سطحی روابط اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ایرانی ترجمان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دور تہران کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات،باہمی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔دونوں جانب سے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے کوششوں کو مزید آگے بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔اسماعیل بقائی نے دورے کو خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا تسلسل بھی قرار دیا۔ان کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطح رابطے خطے کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں باہمی مشاورت اور تعاون کے نئے مواقع پیدا کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک کو درپیش موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کیا اور کہا کہ ایران اب بھی ایک مشکل اور غیر معمولی دور سے گزر رہا ہے۔ان کے مطابق ملک کو بیک وقت معاشی،فوجی اور سیکیورٹی نوعیت کے دباو کا سامنا ہے تاہم ایران نے ان حالات کے باوجود اپنی مزاحمت اور استقامت برقرار رکھی ہے۔مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران امریکی پابندیوں اور دباو کے باوجود اپنے موقف پر قائم ہے اور غیر مساوی جنگ کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کو وینزویلا جیسی صورتحال سے دوچار کرنے کی کوشش کی تاہم یہ کوشش کامیاب نہیں ہوئی۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ مخالف قوتوں کی خواہش تھی کہ ایران کمزور ہو کر تباہی کی طرف چلا جائے لیکن ایسا نہیں ہو سکا،ملک کے اندر مضبوط اتحاد نے ایران کو مشکل حالات میں ایک ایسی طاقت کے طور پر ابھرنے میں مدد دی جس نے دنیا کو حیران کیا۔مسعود پزشکیان نے امید ظاہر کی کہ ایران کو درپیش معاشی اور دیگر مشکلات پر بھی جلد قابو پالیا جائے گا،موجودہ حالات میں قومی یکجہتی اور داخلی استحکام ملک کی طاقت ہیں۔فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دور ہ تہران کو پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطح روابط کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون اور علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور اس دورے کے اہم موضوعات میں شامل ہوں گے۔