Home » انقرہ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پرتپاک استقبال،صدر اردوان اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں،دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

انقرہ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پرتپاک استقبال،صدر اردوان اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں،دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

by ahmedportugal
16 views
A+A-
Reset

انقرہ(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کے ساتھ چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ ترکیہ اہم پیش رفت کے طور پر سامنے آیا ہے۔ انقرہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ دورے کے دوران انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان، وزیرِ قومی دفاع اور اعلیٰ عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ دفاعی روابط، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے دیرینہ سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دورے کے دوران ترک مسلح افواج کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو نمایاں عسکری خدمات اور دفاعی تعاون کے اعتراف میں اعلیٰ اعزاز سے بھی نوازا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ ترکیہ کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی اور سٹریٹجک تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاع، علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ترکیہ آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، جو پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی، برادرانہ اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ دورے کے دوران آرمی چیف نے ترک سیاسی اور عسکری قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقاتوں میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک جنرل سٹاف ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ان کی ترک جنرل سٹاف کے سربراہ جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون، پیشہ ورانہ امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ترک جنرل سٹاف کے سربراہ جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی نمایاں عسکری خدمات کے اعتراف میں انہیں ترک مسلح افواج کا ”ڈسٹنگوشڈ سروس میڈل“ بھی عطا کیا۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک بری افواج کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل میٹن توکل نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کی بری افواج کے درمیان تعاون اور دفاعی روابط مزید مستحکم بنانے کے امور زیرِ بحث آئے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جدید ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر بھی حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اتاترک کی قیادت اور خدمات کو سراہتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی روابط اور عوامی سطح پر موجود گہری وابستگی کا اعتراف کیا۔دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بڑھتا ہوا عسکری تعاون دونوں ممالک کے درمیان مضبوط سٹریٹجک شراکت داری کی علامت ہے جبکہ حالیہ دورہ دوطرفہ دفاعی تعلقات، علاقائی امن اور مشترکہ مفادات کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز