دبئی(ایگزو سپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ 2025 کے تاریخی فائنل میں دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہیں۔ ایونٹ کے سب سے بڑے اور ہائی وولٹیج مقابلے میں بھارتی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے باولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پاکستان اور بھارت فائنل میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہیں، جس کے باعث شائقینِ کرکٹ کی دلچسپی اور جوش و خروش عروج پر ہے۔ دبئی کا اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے اور لاکھوں مداح دنیا بھر سے اس معرکے کو براہِ راست دیکھ رہے ہیں۔پاکستانی کپتان سلمان آغاز نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دبئی کی پچ متوازن دکھائی دیتی ہے اور بیٹنگ لائن کو اعتماد ہے کہ وہ بڑا اسکور کھڑا کر کے بولرز کو کھیل میں لے کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کا مورال بلند ہے اور کھلاڑی پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اترے ہیں۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ دبئی کی کنڈیشنز باولرز کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہیں، اسی لیے پہلے باولنگ کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ابتدائی اوورز میں دباو ڈالا جا سکے۔ایشیا کپ کے اعداد و شمار میں بھارت کو پاکستان پر برتری حاصل ہے۔ ایونٹ کے ون ڈے فارمیٹ میں اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان 15 مقابلے ہو چکے ہیں، جن میں بھارت نے 8 جبکہ پاکستان نے 5 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی میں بھی بھارت کا پلڑا بھاری ہے، جہاں 5 میں سے 4 میچ بھارت اور صرف ایک پاکستان کے نام رہا ہے۔فائنل کے لیے انعامی رقم میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ فاتح ٹیم کو 3 لاکھ امریکی ڈالر جبکہ رنر اپ ٹیم کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو بڑے میچ کے لیے بھرپور اعتماد دیا ہے اور کہا ہے کہ قومی ٹیم کے پاس تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع ہے۔ایشیا کپ کے اس فائنل میں صرف ٹرافی نہیں بلکہ عزت، وقار اور برصغیر کی کرکٹ برتری بھی داو پر لگی ہے۔شائقین کی نظریں اب دبئی کے میدان پر مرکوز ہیں جہاں تاریخ رقم ہونے کو ہے۔
ایشیا کپ میں پاک بھارت فائنل ٹاکرا ،ٹاس ہو گیا
18