کرکٹ کے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ 2025 کے اہم مقابلے کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باوجود ایشیا کپ کی منسوخی کی خبروں کی تردید ہو گئی ہے، اور اب یہ میچ شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، ایشیا کپ 2025 متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منعقد ہوگا، اور افتتاحی میچ 4 یا 5 ستمبر کو متوقع ہے۔ اس ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 7 ستمبر کو دبئی میں ہوگا، جو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں گروپ اسٹیج کے بعد "سپر فور” مرحلہ ہوگا۔ اگر پاکستان اور بھارت دونوں اس مرحلے میں پہنچتے ہیں تو ان کے درمیان دوسرا مقابلہ 14 ستمبر کو ہوگا، جبکہ تیسری ممکنہ ٹکر 21 ستمبر کو فائنل میں ہو سکتی ہے۔
اگرچہ رسمی طور پر ایشیا کپ کی میزبانی بھارت کے پاس ہے، لیکن سیکیورٹی خدشات اور سیاسی صورتحال کے باعث باہمی مشاورت سے ٹورنامنٹ کو یو اے ای منتقل کیا گیا ہے، تاہم میزبانی کا اعزاز بھارت کے پاس ہی رہے گا۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ بھارت اس ایونٹ میں بھرپور شرکت کرے گا۔ ایک بھارتی نمائندے کے مطابق، "سیاسی تعلقات کچھ بھی ہوں، بھارت نے آئی سی سی ایونٹس میں کبھی پاکستان سے کھیلنے سے انکار نہیں کیا۔ اس کی ایک بڑی وجہ ان ایونٹس کے بھاری بھرکم میڈیا رائٹس ہیں، جن پر بھارتی براڈکاسٹرز کا غلبہ ہوتا ہے۔”
یاد رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان آخری بڑا مقابلہ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی میں دبئی میں ہوا تھا۔ بھارت 2008 کے بعد سے پاکستان کا کوئی دورہ نہیں کر رہا، اور آئندہ چیمپئنز ٹرافی میں بھی دبئی کو ترجیح دی گئی تھی۔
بھارتی انکار کے باوجود، شائقین کرکٹ ایک بار پھر دونوں ٹیموں کو میدان میں آمنے سامنے دیکھنے کے لیے بے حد پُرجوش ہیں، اور ایشیا کپ 2025 ایک بار پھر کرکٹ کا جنون عروج پر لے جانے کو تیار ہے۔