Home » ایشیا کپ 2025 دبئی میں سج گیا،کپتانوں کا اعتماد بھرپور،سب نے جیت کے عزم کو دہرا دیا

ایشیا کپ 2025 دبئی میں سج گیا،کپتانوں کا اعتماد بھرپور،سب نے جیت کے عزم کو دہرا دیا

by ahmedportugal
9 views
A+A-
Reset

دبئی(ایگزو سپورٹس ڈیسک)متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ 2025 کے آغاز سے قبل ایک رنگا رنگ تقریب اور مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایشیائی کرکٹ ٹیموں کے تمام کپتانوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ کی ٹرافی کی رونمائی کی، جس کے ساتھ ہی ایونٹ کی رونقیں دوبالا ہو گئیں۔ اس موقع پر ہر ٹیم کے کپتان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف اپنی تیاریوں پر اعتماد ظاہر کیا بلکہ جیت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ قومی ٹیم گزشتہ چار ماہ سے بہترین کرکٹ کھیل رہی ہے اور کھلاڑی اچھی فارم میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سبھی کھلاڑی ایشیا کپ کے لیے پرجوش ہیں اور کئی نوجوان کرکٹرز کے لیے یہ پہلا بڑا ٹورنامنٹ ہوگا، جس میں وہ اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کے خواہش مند ہیں۔ سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز سے بخوبی واقف ہے اور چیلنجز کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ بھارتی صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کسی بھی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھا جا سکتا، کیونکہ اس کھیل میں جس دن جس ٹیم کا کمبی نیشن بہتر ہو، وہی کامیاب ہوتی ہے۔افغانستان کے کپتان راشد خان نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ہماری ٹیم کے لیے بے حد اہم ہے اور ہم 100 فیصد کارکردگی دکھانے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی ٹیم حالیہ دنوں میں تسلسل کے ساتھ اچھی پرفارمنس دے رہی ہے اور ایشیا کپ میں بھی یہی سلسلہ جاری رکھنے کا عزم رکھتی ہے۔عمان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے پہلی بار ایشیا کپ میں شرکت کو اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم پورے جوش اور محنت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ سری لنکن کپتان نے بھی اس موقع پر کہا کہ وہ ایشیا کپ میں بہتر کھیل پیش کرنے کے لیے تیار ہیں اور ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلیں گے۔بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے اعتراف کیا کہ افغانستان کی ٹیم نے حالیہ عرصے میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ٹیم دبئی میں چار دن سے بھرپور پریکٹس کر رہی ہے اور طویل عرصے بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلنے جا رہی ہے۔ ان کے بقول اچھی تیاری اعتماد کو بڑھا دیتی ہے، اور بھارتی ٹیم اسی جذبے کے ساتھ ایشیا کپ میں شریک ہو رہی ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ گزشتہ تین سیریز میں ان کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کیا ہے اور ایشیا کپ میں بھی بہترین مظاہرے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں شامل تمام ٹیمیں مضبوط ہیں اور آگے بڑھنے کے لیے غیر معمولی پرفارمنس دکھانا ہوگی۔میزبان یو اے ای کے کپتان نے کہا کہ ان کی ٹیم نے ایونٹ کے لیے بھرپور محنت کی ہے اور وہ کسی بھی بڑے حریف کے سامنے ہار نہ ماننے کے جذبے کے ساتھ کھیلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہو یا بھارت، میدان میں وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔اس پریس کانفرنس نے واضح کر دیا کہ ایشیا کپ 2025 صرف ایک کرکٹ ایونٹ نہیں بلکہ ایشیائی ٹیموں کے عزم، محنت اور کرکٹ کے لیے بے پناہ جوش و خروش کا مظہر ہے، جہاں ہر ٹیم جیت کے لیے اپنی پوری توانائیاں صرف کرنے کے لیے تیار ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز