دبئی(ایگزو نیوز ڈیسک)ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے درمیان دبئی کے کرکٹ سٹیڈیم میں ایک سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلہ دیکھنے کو ملا، جس میں بھارت نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے ایک بار پھر ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق میچ کا آغاز پاکستان کی بیٹنگ سے ہوا۔ قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.1 اوورز میں 146 رنز سکور کیے اور پوری ٹیم آوٹ ہو گئی۔ پاکستانی اوپنرز نے شاندار آغاز فراہم کیا۔ صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 57 رنز اسکور کیے، جن میں 5 چوکے اور 3 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ ان کا ساتھ دیتے ہوئے فخر زمان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 35 گیندوں پر 46 رنز جوڑے۔ تاہم اوپنرز کے بعد پاکستانی مڈل آرڈر اور نچلی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور ٹیم نے آخری 10 اوورز میں اپنی پوزیشن کھو دی۔ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے، جنہوں نے صرف 4 وکٹیں حاصل کر کے پاکستانی بیٹنگ لائن کو مفلوج کر دیا۔ اکشر پٹیل اور ورون چکرورتی نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جسپریت بمراہ نے بھی دو وکٹیں اپنے نام کیں۔147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کا آغاز نہایت مایوس کن رہا۔ صرف 20 رنز پر تین بڑی وکٹیں گر گئیں۔ ابھیشیک شرما محض 5 رنز بنا سکے، شبمن گل 12 پر آوٹ ہوئے اور کپتان سوریا کمار یادیو صرف 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر بھارتی اننگز دباو کا شکار دکھائی دی، لیکن نوجوان بیٹر تیلاک ورما نے حالات کا رخ بدل دیا۔ انہوں نے نہایت پراعتماد اور شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 53 گیندوں پر ناقابلِ شکست 69 رنز بنائے، جس میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ وکٹ کیپر سنجو سیمسن نے بھی 24 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی، جبکہ آخری لمحات میں شیوم دوبے نے صرف 22 گیندوں پر 33 رنز بنا کر ٹیم کو فتح کے دہانے پر پہنچا دیا۔ بھارت نے ہدف کو 19.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔پاکستانی بولرز کی جانب سے فہیم اشرف سب سے کامیاب رہے، جنہوں نے 4 اوورز میں 29 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے انتہائی کفایتی بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا جبکہ ابرار احمد نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔ تاہم فاسٹ بولر حارث روف انتہائی مہنگے ثابت ہوئے، انہوں نے 3.4 اوورز میں 50 رنز دیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔پاکستان کی شکست میں مڈل آرڈر کا غیر ذمہ دارانہ رویہ اور حارث روف کی مہنگی بولنگ بڑی وجہ ثابت ہوئی۔ اوپنرز کی بہترین کارکردگی کے باوجود ٹیم ہدف کو بڑا بنانے میں ناکام رہی اور بھارت نے بہتر منصوبہ بندی اور پرسکون تعاقب کے باعث یہ بڑا معرکہ اپنے نام کر لیا۔ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب پاکستان اور بھارت فائنل میں آمنے سامنے آئے اور بھارتی ٹیم نے اس یادگار موقع کو جیت کے ساتھ امر کر دیا۔ دبئی اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے دونوں ٹیموں کی شاندار کارکردگی کو بھرپور داد دی، تاہم بالآخر بھارتی ٹیم نے اپنی بیٹنگ لائن کی بدولت ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی بلند کی۔
ایشیا کپ 2025 کا تاج بھارت کے نام،پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں 5 وکٹوں سے شکست
14