لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)کربلا میں حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یومِ عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، جس کے دوران کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں نکالے گئے مرکزی ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں پر پرامن طور پر اختتام پذیر ہو گئے۔ جلوسوں کے دوران عزاداری، نوحہ خوانی، سینہ کوبی اور شبیہ ذوالجناح کے مناظر دیکھے گئے جبکہ شرکا نے امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، جہاں وفاقی و صوبائی وزراءسمیت اعلیٰ حکام نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ جلوس کے راستوں پر تین درجاتی سکیورٹی، ڈرون نگرانی، سیف سٹی کیمروں اور اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی گئی جبکہ عزاداروں کے لیے سبیلوں اور دیگر سہولیات کا خصوصی انتظام کیا گیا۔کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے دوران سخت سکیورٹی اقدامات کے تحت راستوں کو کنٹینرز سے بند رکھا گیا اور موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہی۔ مرکزی مجلس سے علمائے کرام نے واقعہ کربلا کے فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی، جس کے بعد ہزاروں عزاداروں نے پرامن انداز میں جلوس میں شرکت کی۔اسی طرح ملک کے دیگر شہروں اور اضلاع میں بھی یومِ عاشور کے جلوس اختتام پذیر ہوئے، جن میں درجنوں ماتمی جلوس، تعزیے، علم اور ذوالجناح کے دستے شامل تھے۔ سکیورٹی اداروں کی بھاری نفری تعینات رہی جبکہ حساس علاقوں میں نگرانی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ متعدد مقامات پر شامِ غریباں کی مجالس کا انعقاد بھی کیا گیا۔
یومِ عاشور پر ملک بھر میں ماتمی جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر،سکیورٹی ہائی الرٹ رہی
7