انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دہشت گرد نیٹ ورکس کو جامع شکست دینے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کیلئے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔
فوج کے میڈیا ونگ نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی کے دورے کے دوران، آرمی چیف نے ان فوجیوں سے بات چیت کی جنہوں نے حال ہی میں وادی تیراہ میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں حصہ لیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سید عاصم منیر کو سکیورٹی کی موجودہ صورتحال، انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور انضمام شدہ اضلاع میں استحکام کو یقینی بنانے کیلئے کثیر جہتی حکمت عملیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے ہر قسم کے خطرات کا موثر جواب دینے کیلئے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور تیاری کی تعریف کی۔ جنرل سید عاصم منیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اہم قومی قربانیوں سے حاصل ہونے والے امن کو ہر قیمت پر محفوظ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں لگن اور قربانی کے جذبے کے ساتھ لڑتے رہنے کے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔
آرمی چیف نے خیبرپختونخوا (کے پی) میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کلیدی کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ان ایجنسیوں کو نئے ضم شدہ اضلاع میں اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے مکمل تعاون جاری رکھے گی، اور زور دیا کہ ان ایجنسیوں کے اندر صلاحیت سازی کی مسلسل ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نے سکیورٹی فورسز کی مدد میں مقامی لوگوں کے تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے ان کی مثبت شمولیت ضروری ہے۔ آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی اور کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔