اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)معروف بزنس مین اور سرمایہ کار عارف حبیب نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے 75 فیصد حصص خریدنے کے بعد کہا ہے کہ شفاف نجکاری سے نہ صرف بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ پی آئی اے کی پرانی ساکھ کو بھی بحال کیا جائے گا، یہ اقدام ملکی معیشت کے لیے مثبت سنگ میل ثابت ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ایگزو نیوز کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے معروف بزنس مین عارف حبیب نے کہا کہ آج پاکستان کی فتح ہوئی ہے اور الحمد اللہ پی آئی اے کے لیے اچھے دن دوبارہ شروع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو دنیا میں ایک معتبر اور قابل اعتماد قومی ادارہ بنایا جائے گا اور نئے سرمایہ کاری کے ذریعے صارفین کو بہتر سروس فراہم کی جائے گی۔عارف حبیب نے بتایا کہ پی آئی اے کے موجودہ عملے کی مہارت کو برقرار رکھا جائے گا اور ان کی تربیت و اعتماد میں اضافہ کیا جائے گا۔ موجودہ 18 طیاروں میں سے 14 آپریشنل ہیں، جبکہ پہلے مرحلے میں اس تعداد کو 38 تک پہنچایا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں طیاروں کی تعداد 65 ہو گی۔ بعد میں طلب کے مطابق مزید اضافہ بھی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر 125 ارب روپے کی سرمایہ کاری کریں گے اور ضرورت پڑنے پر اس رقم میں اضافہ کیا جائے گا۔ پی آئی اے کے باقی 25 فیصد حصص کے حصول کے لیے ہمارے پاس 90 دن کا وقت ہے، اور ہم اس آپشن کو استعمال کرنے پر غور کریں گے۔عارف حبیب نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی بولی شفاف طریقے سے مکمل ہوئی اور اس سے پاکستانی معیشت میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ مستقبل میں فوجی فرٹیلائزرز گروپ کے ساتھ شراکت کے امکانات بھی زیر غور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے تجربہ کار اور ماہرین کی خدمات برقرار رہیں گی اور نئے سرمایہ کاری سے ایئر لائن کے صارفین کو اعلیٰ معیار کی سہولت فراہم کی جائے گی۔یہ اقدام نہ صرف پی آئی اے کی اقتصادی بحالی کی بنیاد رکھتا ہے بلکہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے ماحول کو بھی مستحکم کرے گا اور عوام میں قومی اداروں پر اعتماد کی بحالی کا سبب بنے گا۔
عارف حبیب کا وعدہ، شفاف نجکاری سے پی آئی اے کی بحالی،سرمایہ کاری اور عوامی اعتماد میں اضافہ
4