پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کرکٹر عاقب جاوید کو قومی کرکٹ ٹیم کا عبوری وائٹ بال کوچ مقرر کر دیا ہے۔
سابق کرکٹر نے گزشتہ ماہ گیری کرسٹن کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد پاکستان کے وائٹ بال کوچ کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
پی سی بی کے مطابق عاقب جاوید چیمپئنز ٹرافی 2025 تک پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کے عبوری کوچ رہیں گے جب کہ مستقل ہیڈ کوچ کا انتخاب میگا ایونٹ کے بعد کیا جائے گا۔
پی سی بی نے کہا کہ عاقب جاوید کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بعد سلیکشن کمیٹی میں اضافی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
گیری کرسٹن کے استعفیٰ کے بعد پی سی بی نے ریڈ بال کوچ جیسن گلیسپی کو دورہ آسٹریلیا کیلئے وائٹ بال فارمیٹ کا عبوری کوچ مقرر کیا تھا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ کرسٹن نے ان کے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کے بعد عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق، یہ تناؤ بورڈ کے کوچنگ جوڑی سے سلیکشن کے اختیارات ختم کرنے کے فیصلے سے پیدا ہوا۔