ایپل نے اپنے ڈیجیٹل اسسٹنٹ سیری پر لگے الزام کے تحت ایک مقدمے کا تصفیہ کرنے کے لیے 95 ملین ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے جس میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ سیری صارفین کی نجی بات چیت کو سنتا ہے۔
یہ مجوزہ تصفیہ ایک عدالت کی فائلنگ میں جمعرات کو سامنے آیا، جس میں ایپل نے کہا ہے کہ اس نے کچھ غلط نہیں کیا۔ ایپل نے مجوزہ تصفیے میں کہا، ایپل ہمیشہ سے کسی بھی قسم کی غلطی اور ذمہ داری سے انکار کرتا ہے۔
پانچ سال قبل دائر کی جانے والی ایک کلاس ایکشن درخواست میں الزام لگایا گیا تھا کہ سیری آئی فونز، آئی پیڈز، ہوم پوڈز یا دیگر ایپل ڈیوائسز پر چلتی ہے اور صارفین کی نجی بات چیت سنتی ہے۔ ایپل، جو اپنی برانڈ امیج میں صارف کی پرائیویسی کو ایک بڑا حصہ مانتا ہے، پر الزام تھا کہ اس نے "غیر ارادی سیری ایکٹیویشن” سے کی جانے والی گفتگو حاصل کی اور ممکنہ طور پر اس کا تیسری پارٹیوں کے ساتھ اشتراک کیا۔
اس تصفیہ کے تحت 95 ملین ڈالر کی رقم ایک فنڈ کے طور پر رکھی جائے گی جس سے امریکہ کے ان صارفین کو 20 ڈالر تک کی رقم ادا کی جائے گی جن کی نجی بات چیت غیر قانونی طور پر پکڑی گئی۔ اس معاہدے میں یہ بھی شامل ہے کہ ایپل یہ تصدیق کرے گا کہ اس نے تمام سنی ہوئی باتوں کو حذف کر دیا ہے اور صارفین کے لیے واضح کرے گا کہ سیری کی بہتری کے لیے جمع کی جانے والی آواز کا ڈیٹا کس طرح استعمال کیا جائے گا۔
یہ معاہدہ عدالت کی منظوری کا محتاج ہے تاکہ یہ حتمی طور پر نافذ ہو سکے۔
اس سے پہلے، 2023 میں، ایمیزون نے اپنے رِنگ ڈور بیل کیمروں اور ایلیکسا ڈیجیٹل اسسٹنٹ کے حوالے سے نجی معلومات کی خلاف ورزی پر امریکی وفاقی تجارتی کمیشن کے ساتھ 30 ملین ڈالر سے زائد کا تصفیہ کیا تھا۔