Home » امریکہ کا قطر کو فول پروف دفاعی حصار،قطر پر حملہ امریکہ پر حملہ تصور ہو گا،ٹرمپ کا اعلان

امریکہ کا قطر کو فول پروف دفاعی حصار،قطر پر حملہ امریکہ پر حملہ تصور ہو گا،ٹرمپ کا اعلان

by ahmedportugal
9 views
A+A-
Reset

نیویارک(ایگزو نیوز ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  نے تاریخ ساز ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے،جس کے تحت قطر پر کسی بھی ملک کا حملہ امریکہ پر حملہ تصور ہو گا۔واشنگٹن نے دوحہ کی سلامتی کو اپنی سلامتی سے جوڑتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ قطر کی خود مختاری،علاقائی سالمیت اور اہم تنصیبات پر کسی بھی بیرونی جارحیت کی صورت میں امریکا بھرپور جواب دے گا۔یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل کے حالیہ فضائی حملے نے خلیجی خطے میں کشیدگی کو نیا رخ دیا تھا۔
ایگزو نیوز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  نے 29 ستمبر کو ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے قطر کو با ضابطہ سلامتی کی ضمانت دے دی ہے۔اس حکم  نامے کے مطابق قطر پر کسی بھی ملک کی جانب سے کیا جانے والا حملہ براہ راست امریکہ پر حملہ سمجھا جائے گا،جس کا جواب واشنگٹن قانونی،سفارتی، معاشی اور حتیٰ کہ فوجی اقدامات کے ذریعے دے گا۔ایگزیکٹو آرڈر میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور قطر قریبی دفاعی اور سفارتی تعلقات میں جڑے ہیں،دونوں ممالک امن و استحکام کے لیے مشترکہ طور پر پرعزم ہیں،امریکہ قطر کی خود مختاری اور سلامتی کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا اور اب کسی بھی جارحیت کی صورت میں واشنگٹن فوری جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند ہفتے قبل اسرائیل نے قطر پر فضائی حملے کیے تھے،جن میں حماس رہنماوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ان حملوں میں پانچ افراد شہید ہوئے،جن میں قطری انٹرنل سیکیورٹی فورس کا ایک اہلکار بھی شامل تھا۔قطر اور امریکہ  نے ان کارروائیوں کی شدید مذمت کی تھی جبکہ قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی  نے انہیں ”ریاستی دہشت گردی“ قرار دیا۔

امریکی ایگزیکٹو آرڈر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر قطر کے دفاع کے لیے حکمت عملی کی نگرانی کریں گے جبکہ امریکی وزرائے جنگ اور انٹیلی جنس ادارے قطر کے ساتھ مشترکہ ہنگامی منصوبہ بندی پر کام کریں گے۔قطر خلیجی خطے میں امریکی فوج کی میزبانی کرتا ہے اور ایک اہم اتحادی کے طور پر واشنگٹن کے قریب ہے تا ہم اسرائیلی حملے نے اس تعلق کو ایک نیا موڑ دیا۔بعد ازاں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے قطری وزیر اعظم کو فون کر کے افسوس کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی آئندہ نہیں کی جائے گی۔صدر ٹرمپ کے حالیہ حکم نامے نے واضح کر دیا ہے کہ قطر پر کسی بھی حملے کو اب صرف خلیجی تنازع نہیں سمجھا جائے گا بلکہ براہ راست امریکہ کے امن و سلامتی پر حملہ تصور کیا جائے گا اور واشنگٹن اس کے دفاع کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز