پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) کے صوبائی ترجمان ارسلان خان ناظم نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے حالیہ بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے غیر سنجیدہ، غیر ذمہ دارانہ اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ “ووٹ کو عزت دو” کا نعرہ لگانے والے آج پارلیمان کی بالادستی کو بھی مذاق سمجھ رہے ہیں،کیا پارلیمان کی بالادستی کی بات کرنا آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے؟۔
ایگزو نیوز کے مطابق اے این پی کے صوبائی ترجمان ارسلان خان ناظم کے مطابق صوبائی خودمختاری اور معدنیات پر بات کو قومی مفاد کے خلاف قرار دینا افسوسناک ہے، کیونکہ قومی مفاد کے نام پر خیبرپختونخوا کے وسائل پر قبضہ ہرگز قبول نہیں کیا جا سکتا۔ طلال چوہدری کو یاد رکھنا چاہیے کہ برداشت اور ناقابل برداشت کا فیصلہ ان جیسے “تنظیم سازوں” کا کام نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کامیاب ڈپلومیسی پر بات کرنی ہے تو یہ تسلیم کیا جائے کہ یہی حکومت اسرائیل کو تسلیم کروانے کی راہ ہموار کر رہی ہے، اسی حکومت کے دور میں پہلی بار اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کی گئی، عوام کو بتایا جائے کہ یہ سب کچھ کس کی سربراہی میں ہو رہا ہے؟۔ارسلان خان ناظم نے مسلم لیگ ن کی قیادت پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طلال چوہدری دوسروں کی اہلیت پر لیکچر دینے سے پہلے اپنی جماعت کی تاریخ دیکھیں، وہ یہ بھی بتائیں کہ ضیاءالحق کے مارشل لاءسے پہلے مسلم لیگ کی کیا حیثیت تھی اور ان کے قائدین کس مشغلے میں مصروف تھے۔اے این پی ترجمان نے کہا کہ ہم پر الزامات تو لگائے گئے لیکن آج تک کوئی ثبوت سامنے نہیں آ سکا، جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما کرپشن کے مقدمات میں سزا یافتہ ہیں، اگر اے این پی پر کرپشن کے جھوٹے الزامات نہ لگائے جاتے تو خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ ن کو “تحفے میں سیٹیں” نہ ملتیں،دراصل پختونخوا سے لے کر پنجاب اور بلوچستان تک انتخابی نتائج فارم 47 کے ذریعے بدلے گئے اور ن لیگ کو ایک ڈیل کے تحت اقتدار دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں الیکشن ہارنے کے طعنے دینے والے یہ نہ بھولیں کہ یہ ایمل ولی خان ہی کی سیاست کا کمال ہے کہ حملہ کسی اور جگہ ہوتا ہے اور چیخیں کسی اور جانب سے بلند ہوتی ہیں، طلال چوہدری کو قومی ذمہ داریوں پر اے این پی کو لیکچر دینے کے بجائے اپنی جماعت کے وجود اور قیادت کی اصلیت پر غور کرنا چاہیے، کیونکہ مانگے تانگے میں ملی ہوئی حکومت کے پاس عوام کو دینے کے لیے کچھ نہیں۔
ن لیگ کو ڈیل کے تحت حکومت ملی،برداشت اور ناقابل برداشت کا فیصلہ طلال چوہدری جیسے “تنظیم سازوں” کا کام نہیں،عوامی نیشنل پارٹی کا وزیر مملکت برائے داخلہ کے بیان پر سخت ردعمل
15