12 اور 13 اپریل کی درمیانی شب مشرقی لیبیا کے ساحل کے قریب تارکین وطن کو لے جانے والی ایک کشتی الٹ گئی، جس میں چار پاکستانیوں سمیت کم از کم 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ذرائع کے مطابق لیبیا سے یونان جانے والا جہاز یورپ میں بہتر مواقع کی تلاش میں تارکین وطن کو لے کر جا رہا تھا۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ امدادی کارروائیوں میں 11 جاں بحق افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جن میں چار پاکستانی بھی شامل ہیں۔
ایف آئی اے ذرائع نے تصدیق کی کہ جاں بحق ہونے والوں میں تین پاکستانیوں سمیر علی، آصف علی اور سید علی کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے تھا، جب کہ گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے زاہد محمود بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل تھے۔
قبل ازیں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے لیبیا میں تارکین وطن کی کشتی کے حادثے میں ایک اہم سہولت کار عادل کو گرفتار کیا تھا۔