مشہور اداکار بریڈ پٹ اور اداکارہ انجلینا جولی نے طلاق کے معاہدے پر دستخط کردیئے جس کے بعد طویل مقدمہ اپنے انجام کو پہنچ گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق طلاق آٹھ سال کی طویل قانونی جنگ کے بعد طے پائی ہے۔ انجلینا جولی نے 2016 میں علیحدگی کی درخواست دائر کی تھی۔ جس میں اداکارہ کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ بریڈ پٹ بچوں اور ان پر تشدد کرتے ہیں۔ دونوں کی شادی دو ہزار چودہ میں ہوئی تھی۔ جوڑے کے چھ بچے ہیں۔
جولی کے اٹارنی جیمز سائمن نے طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ جولی اپنے خاندان کیلئے امن اور سکون تلاش کرنے پر مرکوز تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سچ کہوں تو انجلینا اس طویل قانونی جنگ سے تھک چکی تھیں، لیکن یہ مسئلہ حل ہونے کے بعد وہ اب سکون میں ہیں۔
واضح رہے کہ ہالی وڈ اداکار پٹ اور جولی پہلی بار 2005 کی فلم "مسٹر اینڈ مسز سمتھ” میں شادی شدہ جوڑے کے طور پر اکٹھے نظر آئے۔ اس وقت پٹ کی شادی جینیفر اینسٹن سے ہوئی تھی۔