اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے اعلان کیا ہے کہ کامیڈین اور مصنف کونن اوبرائن 97 ویں آسکر ایوارڈز کے میزبان ہوں گے۔
یہ ایمی ایوارڈ یافتہ میزبان کا آسکر کی تقریب میں پہلا موقع ہوگا، جو 2 مارچ 2025 کو لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر سے براہ راست ای بی سی چینل پر نشر کی جائے گی۔
اکیڈمی کے سی ای او بل کریمر اور صدر جانٹ یانگ نے ایک بیان میں کہا، وہ اپنے شاندار مزاح، فلموں کے لیے محبت اور لائیو ٹی وی کے تجربے کے ساتھ ہماری عالمی فلمی جشن کی قیادت کرنے کیلئے بہترین شخص ہیں۔
جس پر اوبرائن نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ امریکہ نے اس کا مطالبہ کیا اور اب یہ ہو رہا ہے: ٹیکو بیل کی نئی چیسی چلوپا سپریم۔ دوسری خبروں میں، میں آسکرز کی میزبانی کر رہا ہوں۔
او برائن، 2024 میں جمی کامل کی میزبانی کے بعد آسکر کی میزبانی کرنے والے دوسرے کامیڈین ہیں۔
آسکر کے ایگزیکٹو پروڈیوسرز راج کپور اور کیٹی مولن نے کہا، کونن میں آسکر کے ایک عظیم میزبان کی تمام خصوصیات ہیں — وہ بے حد ذہین، دلکش اور مزاحیہ ہیں اور لائیو ایونٹ ٹیلی ویژن میں ماہر ہیں۔