تجربہ کار سفارت کار آمنہ بلوچ نے سائرس سجاد قاضی کی جگہ ملک کی 33 ویں سیکرٹری خارجہ کا چارج سنبھال لیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی فارن سروس کے گریڈ 22 کی افسر، بلوچ کو گزشتہ ہفتے سیکرٹری خارجہ تعینات کیا گیا تھا۔ تہمینہ جنجوعہ کے بعد مذکورہ عہدے پر تعینات ہونے والی وہ دوسری خاتون ہیں۔ اپنے سفارتی کیرئیر کے دوران، نئی سیکرٹری خارجہ نے اسلام آباد اور بیرون ملک پاکستانی مشنز دونوں میں کئی اہم ذمہ داریاں نبھائی ہیں جن میں 2014 سے 2017 تک چین کے شہر چینگڈو میں ملک کے قونصل جنرل کے طور پر خدمات بھی شامل ہیں۔
وہ 2019 سے 2023 تک ملائیشیا میں ہائی کمشنر اور 2023-2024 تک یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں سفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔
دو بچوں کی ماں بلوچ نے کولمبو، سری لنکا میں منسٹر کونسلر کے طور پر بھی کام کیا ہے۔
انہوں نے تاریخ میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی اور 1991 میں پاکستان فارن سروس میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے وزیر اعظم کے دفتر میں جوائنٹ سیکرٹری اور وزیر خارجہ کے دفتر میں ایڈیشنل سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔