کراچی: امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کو پاکستانی نوجوان کی محبت تو نہ ملی لیکن امریکی واپسی کا ٹکٹ مل گیا۔ خاتون کو کل رات 10 بجے کراچی ائرپورٹ سے امریکہ روانہ کردیا گیا۔
ایف آئی اے اور امریکی قونصل خانے کے اہلکاروں نے جناح ہسپتال پہنچ کر خاتون کو الوداع کیا۔ اونیجا اینڈریو رابنسن دبئی کے راستے امریکہ جائے گی۔ وہ گزشتہ سال 11 اکتوبر کو کراچی پہنچی تھی اور لگ بھگ چار ماہ بعد وطن واپس گئی ہے۔
واضح رہے کہ محبت کی ڈرامائی کہانی سے جڑی خاتون کو دو ہفتے قبل بھیجنے کی کوشش ناکام ہوئی تھی۔
ڈاکٹرز کے مطابق خاتون کے مختلف ٹیسٹ کی رپورٹس نارمل ہیں ، ساتھ میں دماغی بیماری بائی پالر بھی ہے۔ خاتون کی یہ بیماری وقت کے ساتھ ٹھیک ہوجائے گی۔