عالمی شہرت یافتہ پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے ایک بار پھر اپنی زبردست مقبولیت کا ثبوت دیا ہے، کیونکہ 12 ستمبر کو عوام کیلئے دستیاب ہونے کے بعد ان کے دل-لومیناٹی ٹور کے ٹکٹ صرف دو منٹ کے اندر فروخت ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق صرف دو منٹ میں ٹکٹس فروخت ہونے سے کئی شائقین کیلئے انتہائی متوقع کنسرٹس کیلئے جگہ محفوظ کرنا ایک چیلنج بن گیا ہے۔
واضح رہے کہ انڈیا ٹور کی پیشگی فروخت 10 ستمبر کو شروع ہوئی تھی، جس میں کریڈٹ کارڈ ہولڈرز کو اضافی 10 فیصد ڈسکاؤنٹ کے ساتھ ٹکٹ خریدنے کیلئے 48 گھنٹے کا وقت دیا گیا۔ یہاں تک کہ اس پری سیل مدت کے دوران، ٹکٹیں ریکارڈ وقت میں فروخت ہو گئیں — صرف دو منٹ۔
دلجیت کا دل-لومیناٹی انڈیا ٹور 26 اکتوبر کو شروع ہوگا، جس میں بھارت بھر کے بڑے شہروں بشمول دہلی این سی آر، چندی گڑھ، گوہاٹی، پونے، اندور، بنگلورو، کولکتہ، لکھنؤ، حیدرآباد اور احمد آباد میں پرفارمنس ہوں گی۔ کنسرٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دہلی شو کیلئے ایک بڑا سیٹ تیار کیا جا رہا ہے جو پہلے کبھی بھارت میں نہیں دیکھا گیا۔