پتراجایا(ایگزو نیوز ڈیسک)الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص کی سربراہی میں الخدمت کے وفد نے ملائیشیا کے شہر پتراجایا میں منعقدہ یونین آف این جی اوز آف دی اسلامک ورلڈ کے 40ویں کونسل اجلاس میں شرکت کی،جہاں مسلم دنیا کو درپیش انسانی،سماجی اور معاشی مسائل،مختلف خطوں میں جاری انسانی بحرانوں اور عالمی سطح پر امدادی سرگرمیوں کو مزید موثر بنانے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق چار روز تک جاری رہنے والے اجلاس میں 16 سے زائد ممالک کی 40 سے زیادہ سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی،جس کے دوران انسانی خدمت،سماجی بہبود،معاشی ترقی،باہمی تعاون اور عالمی سطح پر فلاحی سرگرمیوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے۔الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے وفد میں نائب صدر سید احسان اللہ وقاص کے علاوہ جنرل مینیجر بین الاقوامی امور احمد طور اور ترکی میں الخدمت کے نمائندہ عمر فاروق بھی شامل تھے۔وفد نے اجلاس کے مختلف نشستوں میں شرکت کرتے ہوئے عالمی سطح پر انسانی خدمت کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے نمائندگان سے تبادلہ خیال کیا۔

سید احسان اللہ وقاص نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کی سول سوسائٹی تنظیموں کے درمیان موثر تعاون،تجربات کا تبادلہ اور مشترکہ فلاحی اقدامات کو وسعت دینا موجودہ حالات میں وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان کے مطابق مختلف مسلم ممالک اور دیگر خطوں میں انسانی،سماجی اور معاشی مسائل کی نوعیت پیچیدہ ہوتی جارہی ہے،جس کے باعث فلاحی اداروں کے درمیان رابطہ اور مشترکہ حکمت عملی پہلے سے زیادہ اہمیت اختیار کر گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں مسلم دنیا کو درپیش انسانی بحرانوں کے ساتھ ساتھ فلسطین سمیت مختلف خطوں میں جاری صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس امر پر غور کیا گیا کہ عالمی سطح پر انسانی امداد اور فلاحی سرگرمیوں کو زیادہ منظم،موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے سول سوسائٹی تنظیمیں کس طرح مشترکہ کردار ادا کرسکتی ہیں۔
اجلاس کے دوران یونین آف این جی اوز آف دی اسلامک ورلڈ کی گزشتہ سرگرمیوں،مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کی پالیسی و حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا۔شرکا نے عالمی سطح پر انسانی خدمت کے تقاضوں میں آنے والی تبدیلیوں اور مختلف ممالک میں فلاحی اداروں کو درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اسی سلسلے میں یونیورسٹی پوترا ملائیشیا میں ”مسلم دنیا میں جغرافیائی سیاست اور عالمی تبدیلیاں“ کے موضوع پر ایک بین الاقوامی کانفرنس بھی منعقد ہوئی،جس میں عالمی سطح پر تیزی سے تبدیل ہونے والی صورتحال اور اس کے مسلم دنیا پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں عالمی تبدیلیوں،علاقائی حالات اور مسلم ممالک کو درپیش نئے چیلنجز کے تناظر میں مختلف پہلووں پر گفتگو کی گئی۔
سید احسان اللہ وقاص کے مطابق عالمی فلاحی فورم میں الخدمت فاونڈیشن پاکستان کی شرکت کا بنیادی مقصد بین الاقوامی فلاحی اداروں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانا، مختلف ممالک میں انسانی خدمت کے کامیاب تجربات سے استفادہ کرنا اور مشترکہ فلاحی و انسانی اقدامات کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران الخدمت کے وفد نے مختلف ممالک سے آنے والے مندوبین کے علاوہ ملائیشیا کی شراکت دار تنظیموں کے نمائندگان سے بھی ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے،انسانی امداد کے مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور مستقبل میں فلاحی سرگرمیوں کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔الخدمت فاونڈیشن کے مطابق بین الاقوامی سطح پر مختلف فلاحی تنظیموں کے ساتھ روابط کا مقصد انسانی خدمت کے تجربات کو ایک دوسرے تک منتقل کرنا اور قدرتی آفات، انسانی بحرانوں، غربت، تعلیم اور دیگر سماجی مسائل سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی سرگرمیوں کو زیادہ موثر بنانا ہے۔
یونین آف این جی اوز آف دی اسلامک ورلڈ کے عالمی نیٹ ورک میں 66 ممالک کی 401 تنظیمیں شامل ہیں۔یہ نیٹ ورک انسانی امداد،تعلیم،انسانی حقوق،سماجی و معاشی ترقی اور دیگر فلاحی شعبوں میں سرگرم تنظیموں کے درمیان رابطے،تجربات کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کے لیے عالمی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔الخدمت فاونڈیشن پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عالمی سطح کے ایسے فورمز میں شرکت سے پاکستانی فلاحی اداروں کو بین الاقوامی تنظیموں کے تجربات سے استفادہ کرنے،باہمی روابط مضبوط بنانے اور انسانی خدمت کے لیے نئے تعاون کے امکانات پیدا کرنے کا موقع ملتا ہے جبکہ اس کے ذریعے پاکستان کے فلاحی شعبے کے تجربات اور خدمات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔