Home » الخدمت فاونڈیشن کی جانب سے دریائے ستلج کے متاثرہ 2 ہزار خاندانوں میں فوڈ پیکج تقسیم

الخدمت فاونڈیشن کی جانب سے دریائے ستلج کے متاثرہ 2 ہزار خاندانوں میں فوڈ پیکج تقسیم

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

لاہور (ایگزو نیوز ڈیسک) الخدمت فاونڈیشن کے تحت قصور گنڈا سنگھ والا میں منعقدہ تقریب میں دو ہزار افراد کو مشروبات پلائے گئے، ان کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا اور ایک ماہ کا راشن بھی تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل الخدمت فاونڈیشن پاکستان سید وقاص جعفری نے کہا کہ دریائے ستلج کے پانی نے قصور کے متعدد دیہاتوں کو متاثر کیا، تو الخدمت کے ذمہ داران اور رضاکاروں نے متاثرین کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پنجاب کے مختلف مقامات پر متاثرین کے لیے خیمہ بستیاں قائم کی گئیں، جہاں رضاکاروں نے متاثرہ خاندانوں کی میزبانی اور دیکھ بھال میں نمایاں کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ رات کے اندھیروں اور دن کی روشنی میں خدمت کرنے والے رضاکار، اور ان متاثرین کے لیے اپنا مال وقف کرنے والے ڈونرز انسانیت کے حقیقی ہیروز ہیں۔ ان ہیروز کے بغیر الخدمت کے لیے اتنی وسیع خدمات فراہم کرنا ممکن نہ تھا۔ ہم ان کے شکر گزار ہیں اور اللہ سے ان کے لیے بھرپور اجر کے طلبگار ہیں۔سید وقاص جعفری نے مزید کہا کہ آج ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے بھائیوں اور بہنوں کے گھروں سے پانی کم ہو گیا ہے۔ وہ اپنی دیواریں دوبارہ کھڑی کریں گے، اپنی زمینوں کو دوبارہ زرخیز بنائیں گے اور اپنی معمول کی زندگی کی طرف لوٹیں گے۔ ہم ان دو ہزار خاندانوں کو ایک ماہ کا راشن، دیگر امدادی سامان اور دعاوں کے ساتھ رخصت کر رہے ہیں۔ ان کی بحالی کے لیے الخدمت ہر ممکن تعاون مسلسل جاری رکھے گی۔تقریب میں جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر محمد جاوید قصوری، الخدمت وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی سمیت مقامی ذمہ داران بھی شریک تھے۔سید وقاص جعفری نے کہا کہ الخدمت کے رضاکاروں نے خیبر سے کراچی، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت تک خدمت کی نئی تاریخ رقم کی۔ بونیر میں متاثرین کو بچاتے ہوئے رضاکار ظہور نے اپنی جان قربان کر دی۔ ہمارا رضاکار اسماعیل خدمت کے دوران متاثر ہوا اور اس وقت وینٹی لیٹر پر ہے، جبکہ ملک حامد متاثرہ علاقوں میں کھانا پہنچاتے ہوئے زخمی ہوا اور شدید اذیت میں ہے۔ یہ سب ہمارے ہیروز ہیں، جو اپنی جان کی پروا کیے بغیر خدمتِ انسانیت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز