Home » غزہ میں انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹیں ختم کی جائیں،عالمی یومِ انسانیت پر الخدمت نے’’ضمیر کی آواز‘‘ بلند کر دی،غزہ سمیت بحران زدہ علاقوں میں بلا تعطل امداد کا مطالبہ

غزہ میں انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹیں ختم کی جائیں،عالمی یومِ انسانیت پر الخدمت نے’’ضمیر کی آواز‘‘ بلند کر دی،غزہ سمیت بحران زدہ علاقوں میں بلا تعطل امداد کا مطالبہ

by ahmedportugal
35 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)عالمی یومِ انسانیت کے موقع پر الخدمت فاونڈیشن پاکستان اور یونین آف این جی اوز آف دی اسلامک ورلڈ (UNIW) نے غزہ سمیت دنیا کے مختلف بحران زدہ علاقوں میں انسانی امداد کی بلا تعطل اور محفوظ فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

ایگزو نیوز کے مطابق لاہور میں ”ضمیر کی آواز“ کے عنوان سے منعقدہ خصوصی میڈیا ٹاک میں الخدمت قیادت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ جنگ اور قدرتی آفات سے متاثرہ انسانوں تک خوراک،ادویات، صاف پانی اور دیگر بنیادی ضروریات کی رسائی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہ کی جائے۔الخدمت کمپلیکس میں منعقدہ میڈیا ٹاک سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل الخدمت فاونڈیشن پاکستان سید وقاص جعفری نے کہا کہ غزہ میں لاکھوں بے گناہ شہری ایک سنگین انسانی بحران سے گزر رہے ہیں،جہاں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قلت نے صورتحال کو مزید تشویشناک بنا دیا ہے،ایسے حالات میں عالمی برادری کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ امدادی سامان متاثرہ آبادی تک بلا رکاوٹ،محفوظ اور مسلسل پہنچایا جائے۔سید وقاص جعفری نے کہا کہ انسانی امداد کسی مذہب،نسل،قومیت یا سیاسی وابستگی سے مشروط نہیں ہونی چاہیے بلکہ یہ ہر انسان کا بنیادی اور عالمگیر حق ہے،امدادی اداروں کو سیاسی تنازعات سے الگ رکھتے ہوئے ضرورت مند افراد تک رسائی فراہم کرنا ہی حقیقی انسان دوستی ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ غزہ میں امدادی کارروائیوں کے لیے محفوظ اور موثر راہداریاں فعال رکھی جائیں تاکہ متاثرہ شہریوں تک ضروری سامان بروقت پہنچ سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اعلان کردہ جنگ بندی کے تحت روزانہ 600 امدادی ٹرکوں کے غزہ میں داخلے کا انتظام عملی طور پر یقینی بنانا ہوگا اور امدادی گاڑیوں کی نقل و حرکت کو کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رہنا چاہیے۔سید وقاص جعفری نے واضح کیا کہ ”ضمیر کی آواز“ مہم کا مقصد کسی سیاسی یا مذہبی گروہ کی حمایت کرنا نہیں بلکہ انسانی ہمدردی،غیر جانب داری، بلا امتیاز خدمت اور انسانی وقار کے اصولوں کو اجاگر کرنا ہے،دنیا کے کسی بھی خطے میں بحران کا شکار انسان امداد کا مستحق ہے،چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب،قوم یا علاقے سے ہو۔انہوں نے پاکستان میں آنے والے سیلاب اور ترکیہ و شام میں آنے والے تباہ کن زلزلوں کے دوران الخدمت کی امدادی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات اور جنگی حالات میں امداد کی بروقت فراہمی زندگی اور موت کے درمیان فرق بن سکتی ہے،کسی بحران زدہ علاقے میں چند گھنٹوں کی تاخیر بھی متاثرین کی مشکلات میں غیر معمولی اضافہ کرسکتی ہے۔الخدمت کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عالمی امدادی اداروں،رضاکاروں اور طبی عملے کو محفوظ ماحول فراہم کرنا بھی بین الاقوامی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے،اگر امدادی کارکن خود خطرات کا شکار ہوں گے تو انسانی امداد کے نظام کو موثر انداز میں جاری رکھنا انتہائی مشکل ہو جائے گا۔

اس موقع پر مرکزی نائب صدر الخدمت فاونڈیشن پاکستان سید احسان اللہ وقاص نے عالمی یومِ انسانیت کے موقع پر دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کرنے والے رضاکاروں اور امدادی کارکنوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ جنگوں،قدرتی آفات اور دیگر بحرانوں کے دوران اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر متاثرین کی مدد کرنے والے کارکن انسانیت کے حقیقی سفیر ہیں۔سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن اور UNIW دنیا کے مختلف بحران زدہ علاقوں میں انسانی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی،عالمی برادری کو چاہیے کہ امدادی تنظیموں اور ان کے کارکنوں کے لیے ایسا محفوظ اور سازگار ماحول پیدا کرے جس میں وہ بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں ادا کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی جنگ یا قدرتی آفت کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثر عام شہری ہوتے ہیں،اس لیے امدادی پالیسیوں کا محور ہمیشہ انسانی جان اور بنیادی ضروریات کا تحفظ ہونا چاہیے،خوراک،پانی،ادویات اور پناہ جیسی بنیادی سہولتوں تک رسائی کو کسی بھی صورت سیاسی یا عسکری دباو کا ذریعہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

میڈیا ٹاک کے دوران مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی انسانی بحرانوں کی شدت کے پیش نظر امدادی اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ محدود وسائل کے باوجود زیادہ سے زیادہ متاثرہ افراد تک موثر امداد پہنچائی جاسکے۔الخدمت اور UNIW کی جانب سے جاری ”ضمیر کی آواز“ مہم کے ذریعے عالمی سطح پر یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی کہ انسانی ہمدردی ایک مشترکہ قدر ہے اور اس کے تقاضوں کو سیاسی اختلافات سے بالاتر رکھنا ہو گا۔منتظمین کے مطابق مہم کا مقصد دنیا بھر میں عوامی شعور پیدا کرنا اور بحران زدہ انسانوں کے لیے اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو اجاگر کرنا ہے۔تقریب میں سینئر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی اور انٹرنیشنل افیئرز سے وابستہ احمد طور بھی موجود تھے جبکہ میڈیا نمائندوں نے انسانی بحرانوں،امدادی سرگرمیوں اور عالمی سطح پر انسانی امداد کی رسائی سے متعلق امور پر گفتگو سنی۔الخدمت قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قدرتی آفات،جنگوں اور دیگر انسانی بحرانوں میں متاثرہ افراد کی مدد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور امدادی اداروں،رضاکاروں اور عالمی برادری کے درمیان تعاون کے ذریعے زیادہ سے زیادہ انسانی جانوں کے تحفظ اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کو ممکن بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز