بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ خان صاحب کی بنی گالہ ہاوس اریسٹ کی آفر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور لیکر آئے تھے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ میرے خیال میں مذاکرات کرنے والے سنجیدہ نہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے صرف دو مطالبات سامنے رکھے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی دو سال سے کہہ رہے ہیں نو مئی پر جوڈیشل کمیشن بنائیں۔ کیا بانی پی ٹی آئی کے مطالبات قابل قبول نہیں؟ جوڈیشل کمیشن کسی سینئر جج کے نیچے بنائیں جو سب کو قابل قبول ہو۔
انہوں مزید کہا کہ ن لیگ کے اپنے لوگ کہہ رہے ہیں جو ہمیں آرڈر آئے گا ہم وہی کرینگے۔ رول آف لاء اور جمہوریت کے اندر جوڈیشل کمیشن ہی بنتے ہیں۔ اس وقت ہمیں عدلیہ پر اعتماد کرنا ہے ان پر اعتماد نہیں کرینگے تو کیا کرینگے۔ بول بول کے تھک گئے جوڈیشل کمیشن بنائیں قیدیوں کو رہا کریں۔
بانی کی بہن نے کہا کہ ہمارا بھائی ڈیڑھ سال سے جیل میں ہے۔ بیک ڈور ڈیل کرنی ہوتی تو کرچکے ہوتے۔ پہلے دن سے ڈیل کی آفرز آرہی ہیں لیکن براہ راست کسی نے رابطہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اب تو آئی ایس آئی کی کوئی چیز پوشیدہ نہیں ہر بندہ ڈیل کی خبریں دے رہا ہے۔ ہر بند انکا سورس بنا ہوا ہے کوئی کہتا ہے تین سال خاموش رہنے کا کہا ہے کوئی کچھ کہتا ہے۔