اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 4 اکتوبر احتجاج کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو اشتہاری قرار دے دیا، جبکہ عدالت نے دونوں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ان کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں کیس کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی۔دورانِ سماعت پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق تمام قانونی تقاضے مکمل کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے۔پولیس رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے دونوں ملزمان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے متعلقہ حکام سے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں تاکہ آئندہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف 4 اکتوبر کو ہونے والے احتجاج سے متعلق مقدمہ تھانہ کوہسار اسلام آباد میں درج کیا گیا تھا۔مقدمے میں مختلف قانونی دفعات کے تحت کارروائی جاری ہے جبکہ عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔قانونی ماہرین کے مطابق کسی ملزم کو اشتہاری قرار دینے کے بعد عدالت کی جانب سے گرفتاری کے لیے مستقل وارنٹ جاری کیے جاتے ہیں جبکہ ملزم کی عدم دستیابی کی صورت میں جائیداد سے متعلق قانونی اقدامات بھی عمل میں لائے جا سکتے ہیں۔

